چوہدری شافع حسین کا محکمہ زراعت کا دورہ، زرعی آلات کی مقامی پیداوار بڑھانے پر غور

چوہدری شافع حسین کا محکمہ زراعت کا دورہ، زرعی آلات کی مقامی پیداوار بڑھانے پر غور
کیپشن: چوہدری شافع حسین کا محکمہ زراعت کا دورہ، زرعی آلات کی مقامی پیداوار بڑھانے پر غور

ویب ڈیسک: صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین کی پی اینڈ ڈی ٹاور میں محکمہ زراعت کے آفس آمد، ہارویسٹر،سپرسیڈر اور دیگر زرعی آلات کی مقامی سطح پر تیاری کو فروغ دینے کے امکانات کا جائزہ لیا۔ 

تفصیلات کے مطابق چوہدری شافع حسین نے صوبائی وزیر زراعت سید عاشق حسین کرمانی کے ہمراہ اجلاس کی صدارت کی جس میں جدید زراعت کے فروغ کیلئے انڈسٹری اور زراعت کے محکموں کے مل کر آگے بڑھنے پر اتفاق کیا گیا۔  اجلاس میں جدید زرعی آلات کی مقامی سطح پر مینوفیکچرنگ کیلئے مقامی صنعتکاروں اور چین کے سرمایہ کاروں کے جوائنٹ وینچر کے امکانات کا بھی جائزہ لیا گیا۔  صوبائی وزیر زراعت نے گجرات میں ایگری مال کے قیام کی تجویز سے اتفاق کیا۔ 

اس موقع پر صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی قیادت میں حکومت نے صوبے میں جدید زراعت کے فروغ کیلئے  نتیجہ خیز اقدامات کئے ہیں۔ زراعت کو قومی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت حاصل ہے۔ صوبے کی بڑی آبادی کا روزگار اسی شعبے سے وابستہ ہے ۔ بدقسمتی سے ماضی میں قومی اہمیت کے حامل اس شعبے کو نظر انداز کیا گیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ حکومت نے ایگری میکانائزیشن میں اربوں روپے کی سرمایہ کاری کی ہے۔ جدید زراعت کے فروغ کیلئے چین کے ہواوے گروپ کے ساتھ اشتراک موجود ہے۔ جدید زرعی آلات کی مقامی سطح پر مینوفیکچرنگ کیلئے چین اور دیگر ممالک کی کمپنیوں سے بات کی جائے گی۔ 

  چوہدری شافع حسین نے کہا کہ سیڈ ڈیولپمنٹ پر خصوصی توجہ مرکوز کرنے کی ضرورت ہے ۔ محکمہ اوقاف کی زمینوں پر سویابین کی کاشت  کی منصوبہ بندی کی گئی ہے۔ ایگرو بیسڈ انڈسٹری کے فروغ کیلئے صنعتکار وزیر اعلیٰ آسان کاروبار فنانس سکیم سے فائدہ اٹھائیں۔

صوبائی وزیر زراعت سید عاشق حسین کرمانی نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب نے صوبے میں جدید زراعت کے فروغ کیلئے تاریخ ساز اقدامات کئے ہیں۔ گزشتہ اڑھائی سالوں میں جدید زراعت کے فروغ کیلئے اربوں روپے خرچ کئے گئے ہیں۔ کاشتکاروں  کو کسان کارڈ کے ذریعے زرعی لوازمات کی خریداری میں سولت دی گئی ہے۔ حکومت کاشتکاروں کی سہولت کیلئے آسان قرضوں کی مزید سکیمیں بھی لارہی ہے۔ چاہتے ہیں کہ ہارویسٹر، سپرسیڈر،ٹریکٹر اور دیگر جدید زرعی آلات مقامی سطح پر ہی  تیار ہوں۔  زراعت پر مبنی صنعتوں کا فروغ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

سیکرٹری زراعت،سپیشل سیکرٹری زراعت،سپیشل سیکرٹری انڈسٹریز اور دیگر متعلقہ افسران کی اجلاس میں شرکت ۔

Watch Live Public News