لاہور کی اسپیشل سینٹرل عدالت نے منی لانڈرنگ کے مقدمے میں سابق وزیرِ اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہٰی کی ضمانت منظور کر لی ہے۔ عدالت نے پرویز الہٰی کی درخواست ضمانت پر فیصلہ سنا دیا ہے۔اسپیشل سینٹرل عدالت نے دس ہزار روپے مچلکوں کے عوض پرویز الہٰی کی ضمانت منظور کی ہے۔ پرویز الہٰی نے درخواست ضمانت بعداز گرفتاری وکیل کی وساطت سے دائر کر رکھی تھی۔ خیال رہے کہ 20 جون کو اینٹی کرپشن عدالت نے پنجاب اسمبلی میں غیر قانونی بھرتیوں کے کیس میں پرویز الہٰی کی ضمانت منظور کی تھی۔ ایف آئی اے نے 20 جون کو ہی پرویز الہٰی اور مونس الہٰی کے خلاف منی لانڈرنگ کا نیا مقدمہ درج کیا تھا۔ ایف آئی اے کی جانب سے مقدمے میں کرپشن اور منی لانڈرنگ کے الزامات عائد کیے گئے تھے۔ ایف آئی آر کے متن میں کہا گیا ہے کہ مونس الہٰی اور پرویز الہٰی کےخلاف فراڈ، منی لانڈرنگ اور کرپشن کی دفعات کے تحت مقدمہ درج ہے، مونس الہٰی نے 2004 سے 2023 تک فرنٹ مین جبران خان کے ذریعے کرپشن کی۔ مقدمے کے متن میں کہا گیا تھا کہ مونس الہٰی نے اپنے والد چوہدری پرویز الہٰی کی معاونت سے کرپشن اور منی لانڈرنگ کی۔ لاہور کی جوڈیشل مجسٹریٹ عدالت نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے صدر چوہدری پرویز الہٰی کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا تھا۔