چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کا ڈومیسٹک کرکٹ نظام کو مضبوط بنانے کا فیصلہ

چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کا ڈومیسٹک کرکٹ نظام کو مضبوط بنانے کا فیصلہ

 (لاہور) محمد شکیل خان: چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے ڈومیسٹک کرکٹ نظام کو مضبوط  بنانے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ کوالٹی ڈومیسٹک کرکٹ کے حوالے سے اہم فیصلےلے لئے گئے۔

تفصیلات کے مطابق  چئیرمین پی سی بی   محسن نقوی کی زیر صدارت نیشنل کرکٹ اکیڈمی کے بورڈ روم میں 3 گھنٹے طویل اجلاس میں   ڈومیسٹک کرکٹ  نظام کو مضبوط بنانے کا فیصلہ کیا گیا۔ اجلاس میں پی سی بی کے چیف آپریٹنگ آفیسر سلمان نصیر، چیف فنانشل آفیسر، سلیکشن کمیٹی کے انالسٹ بلال افضل، ڈائریکٹرز انٹرنیشنل کرکٹ، ہائی پرفارمنس سنٹرز، ڈومیسٹک کرکٹ پی ایس ایل کمرشل اور متعلقہ حکام نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔

انہوں نےکوالٹی ڈومیسٹک کرکٹ کو فروغ دینے کے  پلان کی اصولی منظوری دے دی۔

محسن نقوی کا کہنا تھا کہ  کوالٹی ڈومیسٹک کرکٹ کو ہر سطح پر پرموٹ کیا جائے گا ۔  کلب لیول سے نیشنل لیول تک تسلسل کے ساتھ ٹورنامنٹس کا انعقاد کیا جائے گا۔ اچھے کھلاڑیوں کی پروفیشنل انداز سے گرومنگ کی ہدایت دی۔ 

انہوں نے کہا کہ بہترین کوچز اور نئے ٹیلنٹ کی ٹریننگ کر کے صلاحیتوں میں نکھارلائیں گے۔ کارکردگی،  فٹنس اور میرٹ پر کھلاڑیوں کو آگے موقع دیا جائے گا۔ کوالٹی ڈومیسٹک کرکٹ کے فروغ سے انٹرنیشنل کرکٹ سے گیپ کو کم کرنے میں مدد بھی ملے گی۔ 

اس کے علاوہ ڈومیسٹک کرکٹ کے لئے کوچنگ کا معیار بھی بہتر بنانے کا فیصلہ کیا گیا ۔ ڈومیسٹک کرکٹ کے کوچز کی ٹریننگ کے لیے ماسٹر کوچ کو تعینات کیا جائے گا۔ 

اس کے ساتھ ڈومیسٹک کنٹریکٹ پر بھی نظر ثانی کا فیصلہ کیا گیا جس میں کھلاڑیوں کو قومی ٹیم میں شمولیت کے لیے ڈومیسٹک کرکٹ کھیلنا ہو گی۔

محسن نقوی نے بتایا کہ  پرفارمنس اور فنٹس پر ہی کھلاڑیوں کا انتخاب کیا  جائے گا۔ میرٹ، کارکردگی اور فٹنس پر رتی بھر سمجھوتہ نہیں ہوگا۔ 

چئیرمین پی سی بی محسن نقوی کی ہدایت پر کوالٹی ڈومیسٹک کرکٹ کے فروغ کیلئے تینوں فارمیٹ کے ٹورنامنٹس کرانے کا فیصلہ لیا گیا۔

چیئرمین پی سی بی کا کہنا تھا کہ نئے ٹیلنٹ کو سامنے لانے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر کام کرنا ہوگا۔ نئے ٹیلنٹ پر سرمایہ کاری سے کرکٹ کو نچلی سطح پر فروغ ملے گا اور مثبت نتائج سامنے آئیں گے۔ اجلاس میں بھارت، آسٹریلیا، انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کے ڈومیسٹک کرکٹ کے ڈھانچے کے خدوخال کا بھی جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں کوالٹی ڈومیسٹک کرکٹ کے فروغ کیلئے سفارشات اور تجاویز پر بھی غور کیا گیا۔ 

Watch Live Public News

اسپورٹس رپورٹر

 محمد شکیل خان ایک نوجوان اسپورٹس رپورٹر ہیں جو نہ صرف فیلڈ میں متحرک ہیں بلکہ دنیا بھر میں ہونے والے اسپورٹس ایونٹس اور خصوصا کرکٹ کے حوالے سے اپنے قارئین کو باخبر رکھا اپنا اولین فرض سمجھتے ہیں۔