ویب ڈیسک: ایران کی جانب سے اسرائیل پر جنگ بندی سے قبل کیے گئے میزائل حملوں میں 4 اسرائیلی شہری ہلاک جبکہ متعدد زخمی ہو گئے اور جوابی کارروائی میں اسرائیل نے تہران میں ایک ایرانی ایٹمی سائنسدان کو نشانہ بنا کر شہید کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق اسرائیل کی ایمرجنسی میڈیکل سروسز کا کہناہے کہ ایرانی میزائل ملک کے جنوبی حصے میں گرے، جہاں 4 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوئے۔ امدادی ادارے کا کہنا ہے کہ حملے کے مقام پر دھوئیں کے بادل دکھائی دیے اور کئی عمارتوں کو شدید نقصان پہنچا۔
امدادی عملے کے مطابق ایک عمارت کے داخلی دروازے پر ایک بے ہوش فرد ملا، جبکہ اندر داخل ہونے پر ایک مرد اور ایک خاتون کو نیم بے ہوشی کی حالت میں پایا گیا۔ فوری طور پر طبی امداد کیمپ قائم کیا گیا اور دیگر رہائشیوں کا بھی معائنہ جاری ہے۔
اسرائیلی حکام نے بتایا کہ ایران کی جانب سے دو مرحلوں میں مجموعی طور پر 6 میزائل داغے گئے ۔ابتدائی حملے میں دو اور دوسرے مرحلے میں 4 میزائل شامل تھے۔
دوسری جانب ایرانی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ اسرائیل کی مبینہ دہشت گردی کے نتیجے میں تہران کے ایک ممتاز ایٹمی سائنسدان، صدیقی صابر، جامِ شہادت نوش کر گئے۔ یہ حملہ دارالحکومت کی فردوسی اور ولی عصر شاہراہوں کے قریب کیا گیا۔
اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ ایران کی جانب سے اب تک 4 مرحلوں میں حملے کیے گئے ہیں اور عوام کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ فی الحال پناہ گاہوں میں ہی رہیں۔
ادھر اسرائیلی میڈیا نے بھی تصدیق کی ہے کہ صبح 6 بجے کے بعد ایران کی جانب سے مزید کوئی حملہ نہیں ہوا۔