خطرہ ٹل گیا،قطر اور یو اے ای نےفضائی آپریشن بحال کر دیا

خطرہ ٹل گیا،قطر اور یو اے ای نےفضائی آپریشن بحال کر دیا
کیپشن: خطرہ ٹل گیا،قطر اور یو اے ای نےفضائی آپریشن بحال کر دیا

ویب ڈیسک: مشرق وسطیٰ میں حالیہ کشیدگی کے باعث بند کی گئی فضائی حدود اور ایئرپورٹس کو قطر اور متحدہ عرب امارات نے دوبارہ کھول دیا ہےاور کمرشل پروازوں کی آمدورفت ایک بار پھر معمول پر آ گئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق ایران کی جانب سے قطر میں موجود امریکی فوجی بیس کو نشانہ بنانے کے بعد سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر دونوں ممالک نے اپنی فضائی حدود ہر قسم کی پروازوں کے لیے عارضی طور پر بند کر دی تھیں جبکہ تمام ایئرپورٹس بھی کئی گھنٹوں تک بند رہے۔

ایوی ایشن انٹیلیجنس ادارے "سرئیم" کے مطابق اس بندش کے دوران کم از کم 26 تجارتی پروازوں کو متبادل روٹس پر منتقل کرنا پڑا۔ ان میں سے 22 پروازیں قطر کے دارالحکومت دوحہ کی جانب روانہ تھیں، جن میں 12 فلائٹس قطر ایئرویز کی تھیں جبکہ باقی دبئی جانے والی پروازیں تھیں۔

کچھ طیاروں کو قریبی ہوائی اڈوں پر اتارا گیا جبکہ بعض کو روانگی کے بعد واپس بھی آنا پڑا۔

ماہرین کے مطابق فضائی حدود کی بندش کا بنیادی سبب خطے میں جنگی تناؤ اور بڑھتے ہوئے سیکیورٹی خطرات تھے۔

ایوی ایشن حکام کا کہنا ہے کہ وہ صورتِ حال پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہیں اور ایئرلائنز کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ حفاظتی اقدامات کے مطابق فوری فیصلے کریں۔مسافروں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ سفر سے پہلے متعلقہ ایئرلائن سے تازہ ترین معلومات ضرور حاصل کریں۔

Watch Live Public News