شام سے بارشوں کےنئےسلسلے کا آغاز ،محکمہ موسمیات کی بڑی پیشگوئی

شام سے بارشوں کےنئےسلسلے کا آغاز ،محکمہ موسمیات کی بڑی پیشگوئی
کیپشن: شام سے بارشوں کےنئےسلسلے کا آغاز ،محکمہ موسمیات کی بڑی پیشگوئی

ویب ڈیسک: محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ ملک بھر میں 25 جون سے مون سون ہواؤں کے تحت بارشوں کا پہلا سلسلہ شروع ہونے جا رہا ہے جو کہ 2 جولائی تک جاری رہے گا۔ اس دوران متعدد علاقوں میں شدید بارش، لینڈ سلائیڈنگ اور شہری علاقوں میں اربن فلڈنگ کے خطرات موجود ہیں۔

تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات کاکہناہے کہ لاہور، سیالکوٹ، نارووال، گوجرانوالہ، حافظ آباد، شیخوپورہ میں 25 تا 29 جون تک بارشوں کا امکان ہے۔اسلام آباد، راولپنڈی، اٹک، چکوال، جہلم میں 26 تا 28 جون گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیش گوئی ہے۔

موسم کا حال بتانے والوں کا کہناہے کہ ایبٹ آباد، مانسہرہ، پشاور، چارسدہ، نوشہرہ، کوہاٹ، باجوڑ میں 25 تا 29 جون بارشیں متوقع ہیں، جبکہ دیر، ملاکنڈ، بونیر، شانگلہ اور کوہستان میں شدید بارشوں کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔

بلوچستان، گلگت بلتستان اور کشمیر میں بھی موسلا دھار بارش کا امکان:

ژوب، بارکھان، کوئٹہ، مستونگ، زیارت، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں 25 تا 28 جون تک وقفے وقفے سے بارش ہو سکتی ہے۔

لینڈ سلائیڈنگ اور اربن فلڈنگ کا خدشہ:

محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ 26 سے 28 جون کے دوران پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ اور نشیبی علاقوں میں اربن فلڈنگ کا خطرہ موجود ہے، جس کے پیش نظر متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے۔

 پشاور اور خیبرپختونخوا میں موسم کی صورتحال:

محکمہ موسمیات کے  مطابق آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران خیبرپختونخوا کے زیادہ تر اضلاع میں موسم خشک رہے گا، تاہم بالائی علاقوں میں جزوی ابر آلود موسم متوقع ہے۔پشاور اور بنوں میں درجہ حرارت 42 ڈگری سینٹی گریڈ تک ریکارڈ کیا گیا ہے جبکہ پشاور میں ہوا میں نمی کا تناسب 72 فیصد رہا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق، میدانی علاقوں میں حبس میں اضافے کا امکان ہے، جس کی وجہ نمی میں غیر معمولی اضافہ بتایا گیا ہے۔ڈی آئی خان، بنوں اور کوہاٹ سمیت جنوبی اضلاع میں موسم شدید گرم اور خشک رہے گا۔
 
عوام اور متعلقہ اداروں کے لیے اہم ہدایات:

نشیبی علاقوں کے مکینوں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی گئی ہے،پہاڑی علاقوں میں سفر کرنے والوں کو احتیاط برتنے کا مشورہ دیا گیا ہے،

ضلعی انتظامیہ، ریسکیو اور واسا حکام کو ہنگامی صورت حال سے نمٹنے کے لیے تیار رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

Watch Live Public News