(ویب ڈیسک ) وزیر اعظم نے وفد کی جانب سے حالیہ بھارتی پروپیگنڈا کو دنیا کے سامنے بے نقاب کرنے اور امریکا، یو کے اور یورپ کے کامیاب سفارتی دورے پر بلاول بھٹو زرداری سمیت وفد کے دیگر ارکان کو خراج تحسین پیش کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف سے چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے ملاقات کی۔ بلاول بھٹو نے وزیراعظم کو پاکستان کی جانب سے بھیجے گئے سفارتی وفد کی امریکا اور یورپ میں ملاقاتوں کے حوالے سے بریفنگ دی۔
وزیر اعظم نے وفد کی جانب سے حالیہ بھارتی پروپیگنڈا کو دنیا کے سامنے بے نقاب کرنے اور امریکا، یو کے اور یورپ کے کامیاب سفارتی دورے پر بلاول بھٹو زرداری سمیت وفد کے دیگر ارکان کو خراج تحسین پیش کیا۔
وزیراعظم نے سفارتی وفد کے اعزاز میں عشائیہ بھی دیا۔
وزیر اعظم نے کہا کہ عالمی سطح پر، پاکستان کے موقف کی بھرپور اور بہترین ترجمانی پر آپ سب کو مبارک پیش کرتا ہوں ، آپ نے پاکستان کا مقدمہ قومی جذبے سے لڑا اور کامیاب ہوکر لوٹے۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں محترمہ شیری رحمن، ڈاکٹر مصدق ملک، محترمہ حنا ربانی کھر، سینیٹر بشری انجم بٹ ، سینیٹر فیصل سبزواری ،انجینئر خرم دستگیر اور جناب جلیل عباس جیلانی اور محترمہ تہمینہ جنجوعہ پر مشتمل وفد نے امریکہ، یو کے اور یورپ میں پاکستان کے موقف کی قومی جذبے سے ترجمانی کی، پاکستان کے ساتھ ساتھ پوری دنیا میں اس کا اعتراف ہورہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری نے نہایت احسن انداز میں پاکستان کے موقف کو بیان کیا ، وفد نے پہلگام سے لے کر سندھ طاس معاہدے تک کے واقعات کو صحیح تناظر اور احسن انداز میں پیش کیا،اللہ تعالیٰ کے فضل وکرم، قوم کی دعاؤں اور ہماری بہادر مسلح افواج کی عسکری مہارت سے بھارت کو اپنے بلاجواز جنگی جنون کی بھاری قیمت اُٹھانا پڑی۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ بجٹ 2025-26 میں تنخواہ داروں سمیت سب طبقات کو ریلیف دینے کی کوشش کی ہے، بجٹ سازی میں تمام اتحادی جماعتوں بشمول پاکستان پیپلز پارٹی کے تعاون پر شکریہ ادا کرتا ہوں، مجھے امید ہے کہ آپ سب کی راہنمائی، تعاون اور تجاویز سے ہم داخلی اور خارجی چیلنجز میں سرخرو ہوں گے۔
عشائیے میں وزیر خزانہ محمد اورنگزیب، وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ، وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ، وزیر اوورسیز پاکستانی چوہدری سالک حسین، وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ، وزیراعظم کے مشیر رانا ثنا اللہ، معاون خصوصی طلحہ برکی اور معاون خصوصی طارق فاطمی بھی شریک تھے۔