ویب ڈیسک: وزیراعظم محمد شہبازشریف کا سعودی عرب کے ولی عہد اور وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان سے ٹیلیفونک رابطہ ، وزیراعظم نے خادم الحرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود کیلئے تہہ دل سے احترام اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
وزیراعظم نے رواں برس حج کی کامیاب تکمیل پر شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز آل سعود کو مبارکباد دی۔
وزیراعظم نے پاکستانی حجاج کی شاندار مہمان نوازی پر سعودی عرب کا شکریہ ادا کیا، وزیر اعظم نے ہندوستان کے ساتھ حالیہ تنازعے کے دوران سعودی عرب کی پاکستان کی مستقل حمایت پر انکا شکریہ ادا کیا۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان جموں و کشمیر، پانی، تجارت اور دہشت گردی سمیت تمام تصفیہ طلب مسائل پر بھارت کے ساتھ بامعنی بات چیت کیلئے تیار ہے، دونوں رہنماؤں نے مشرق وسطیٰ و خطے میں تیزی سے ابھرتی ہوئی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا۔
پاکستان، اسرائیل ایران بحران کے تناظر میں علاقائی کشیدگی میں فوری کمی کی مکمل حمایت کرتا ہے، پاکستان تنازعہ کے پرامن حل کے لیے مذاکرات اور سفارت کاری کا حامی ہے، وزیراعظم نے گزشتہ رات کے حملوں کا ذکر کرتے ہوئے تمام فریقوں سے بین الاقوامی قوانین اور اقوام متحدہ کے چارٹر کی پاسداری کا مطالبہ کیا ۔
وزیراعظم نے فریقین سے تحمل کا مظاہرہ کرنے پر زور دیا، وزیراعظم نے سعودی عرب کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے لیے پاکستان کی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کیا۔
وزیر اعظم نے پاکستان کی جانب سے ولی عہد کو ان کی دانشمندانہ قیادت اور خطے میں امن کی بحالی کے لیے کوششوں پر خراج تحسین پیش کیا، یہ کوششیں سعودی عرب کے بین الاقوامی سطح پر امن کے ضامن اور امتِ مسلمہ کے رہنما کے طور پر نمایاں حیثیت کی عکاس ہے۔
ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز آل سعود نے ٹیلیفون کال پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا، ولی عہد نے سعودی عرب کے ساتھ پاکستان کی یکجہتی اور حمایت کو سراہا۔
سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے حالیہ تنازعے کے پرامن حل کے لئے پاکستان کے تعمیری کردار کی بھی تعریف کی، سعودی عرب، مشرق وسطیٰ کے خطے میں دیرپا امن اور خوشحالی کے فروغ کے لیے پوری طرح پرعزم ہے۔