سرکاری ملازمین کیلئے خوشخبری، تنخواہوں اور پنشن کی ادائیگی کا نیا شیڈول جاری

سرکاری ملازمین کیلئے خوشخبری، تنخواہوں اور پنشن کی ادائیگی کا نیا شیڈول جاری
کیپشن: سرکاری ملازمین کیلئے خوشخبری، تنخواہوں اور پنشن کی ادائیگی کا نیا شیڈول جاری

ویب ڈیسک: حکومتِ سندھ نے صوبے بھر کے سرکاری ملازمین اور پنشنرز کے لیے تنخواہوں اور پنشن کی ادائیگی کا نیا شیڈول جاری کر دیا ہے، جس کے تحت اب انہیں ہر ماہ کی پہلی تاریخ کا انتظار نہیں کرنا پڑے گا۔

اکاؤنٹنٹ جنرل سندھ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق ترمیم شدہ نظام کے تحت سرکاری ملازمین کو ماہانہ تنخواہیں ہر ماہ کی 25 تاریخ کو ادا کی جائیں گی، جبکہ ریٹائرڈ ملازمین اور پنشنرز کی پنشن 26 تاریخ کو ان کے اکاؤنٹس میں منتقل کر دی جائے گی۔

نوٹیفکیشن میں مزید بتایا گیا ہے کہ دیگر ضمنی اور اضافی ادائیگیوں کا عمل ہر ماہ کی 29 تاریخ تک مکمل کر لیا جائے گا، جبکہ جنرل پروویڈنٹ فنڈ (جی پی ایف) اور دیگر واجبات کی ادائیگیوں کی پراسیسنگ ہر ماہ کی 6 سے 16 تاریخ کے درمیان اور 20 تاریخ کو کی جائے گی۔

اکاؤنٹنٹ جنرل سندھ نے تمام سرکاری محکموں کو ہدایت کی ہے کہ پے رول اور متعلقہ دستاویزات مقررہ وقت کے اندر جمع کروائی جائیں تاکہ تنخواہوں اور پنشن کی بروقت اور بلا تعطل ادائیگی کو یقینی بنایا جا سکے۔

حکام کے مطابق نئے شیڈول کا مقصد مالیاتی نظم و نسق کو بہتر بنانا اور ملازمین و پنشنرز کو بروقت ادائیگیوں کی سہولت فراہم کرنا ہے۔ اس اقدام کے نتیجے میں سرکاری ملازمین کو نئے مہینے کے آغاز سے قبل ہی اپنی تنخواہیں موصول ہو سکیں گی، جس سے انہیں گھریلو اخراجات اور مالی منصوبہ بندی میں آسانی ہوگی۔

ماہرین کے مطابق بڑھتی ہوئی مہنگائی کے تناظر میں تنخواہوں اور پنشن کی قبل از وقت ادائیگی سرکاری ملازمین اور ریٹائرڈ افراد کے لیے ایک اہم سہولت ثابت ہو سکتی ہے۔

Watch Live Public News