ویب ڈیسک: ایف سی بلوچستان (ساؤتھ) کے زیر اہتمام تربت کے عوام کا یوم پاکستان23مارچ 2025 کو دہشت گردی کے خلاف تجدید عہد کے طور پر منایا گیا۔
تفصیلات کے مطابق تربت میں ایف سی بلوچستان (ساؤتھ) کے زیر اہتمام ،یوم پاکستان23 مارچ 2025 کو شاندار جوش و خروش اور ملی جذبے کے ساتھ منایا گیا۔
یہ دن تربت کے عوام نے دہشت گردی کے خلاف یکجہتی اور قومی عزم کی تجدید کے طور پر منایا۔تقریب میں تمام مکاتب فکر کے افراد اور مقامی اسکولوں کے طلبہ اور طالبات نے بھرپور شرکت کی۔
تقریب ایف سی بلوچستان (ساؤتھ) ہیڈکوارٹر تربت میں منعقد کی گئی۔
تقریب میں قومی اور صوبائی اسمبلی کے ممبران ،ضلعی انتظامیہ، مقامی عمائدین، سیاسی و سماجی شخصیات، علمائے کرام، اساتذہ، طلباء اور زندگی کے ہر شعبے سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔ آئی جی ایف سی بلوچستان (ساؤتھ) اس تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔
تقریب کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا، جس کے بعد قومی پرچم لہرا یاگیا اور قومی ترانہ پڑھا گیا۔
پاک فوج ،ایف سی بلوچستان (ساؤتھ)، پولیس، لیوز ،سپیشل فورسز، ائیرپورٹ سیکورٹی فورس اور لیڈی پولیس کے چاق و چوبند دستوں نے شاندار پریڈ کا مظاہرہ کیا اور قومی پرچم کو سلامی دی۔
مختلف اسکولوں کے طلباء اور طالبات نے یوم پاکستان کی تاریخی اہمیت پر تقاریر پیش کیں، ملی نغمے، ٹیبلوز اور بلوچ ثقافتی تخلیقات نے تقریب کو چار چاند لگا دیے۔ طلباء نے اپنے فن کے ذریعے قوم میں اتحاد و یکجہتی کا پیغام دیا اور دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے عزم کا اظہار کیا۔
ایف سی بلوچستان (ساؤتھ) نے دفاعی صلاحیتوں کی نمائش بھی کی، جہاں جدید اسلحہ، حربی ساز و سامان اور دیگر دفاعی آلات عوام کے لیے پیش کیے گئے۔
تقریب کے اختتام پر مقامی عمائدین، نوجوانوں، اور دیگر شرکاء نے ریاستی اداروں کے ساتھ مل کر دہشت گردی کے خلاف متحد رہنے اور بلوچستان سمیت پورے ملک میں امن و استحکام کو یقینی بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔
شرکاء نے عہد کیا کہ وہ ہر اس کوشش کا حصہ بنیں گے جو پاکستان کی سالمیت اور ترقی کے لیے ضروری ہوگی۔
ایف سی بلوچستان (ساؤتھ) کے اس تاریخی اقدام کو عوام نے خوب سراہا۔