(ویب ڈیسک ) سلمان اکرم راجا کا کہنا ہے کہ سوال ہی نہیں بنتا ، عمران خان کوئی معافی نہیں مانگیں گے، کوئی سمجھتا ہے بانی پی ٹی آئی معافی مانگیں گے تو اس کا کوئی امکان نہیں ہے۔
سلمان اکرم راجا نے اسلام آباد ہائیکورٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آج ہم نے فل بنچ کے سامنے اپنی گزارشات پیش کیں، فل بنچ کو بتایا گیا کہ جو متفقہ ایس او پی تھا بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کا اس پر عمل نہیں ہورہا۔
انہوں نے کہا کہ خود سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل نے لکھ کر دیا کہ منگل اور جمعرات کو ملاقاتیں کراؤنگا۔ ایک خاندان والوں کی ملاقات ہوگی، وکلاء کی اور رفقاء کی بھی ملاقات ہوگی۔ رفقاء کی ملاقات نومبر سے نہیں ہوئی تھی، آج عدالت نے واضح کیا کہ جمعرات والی ملاقات بھی کرائی جائے گی۔
سلمان اکرم راجا نے کہا کہ اس کیلئے 6 نام دیں گے، یا وہ نام میں دونگا یا گوہر خان یا پھر انتظار پنجوتھا دیں گے۔ یہ بات آج طے ہوگئی، سب کی رضا مندی سے یہ بات ہوئی ہے، ہمیں توقع ہے کہ اس پر عمل ہوگا، رفقاء کی ملاقات اس شرط پر ہوگی کی ملاقات کے باہر میڈیا سے گفتگو نہیں کریں گے ۔
ایک سوال کے جواب میں سیکرٹری جنرل پی ٹی آئی کا کہنا تھا عمران خان کے معافی مانگنے پر سوال ہی نہیں بنتا، یہ ناممکن ہے، بانی پی ٹی آئی کوئی معافی نہیں مانگیں گے، کوئی سمجھتا ہے بانی پی ٹی آئی عمران خان معافی مانگیں گے تو اس کا کوئی امکان نہیں ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن جماعتوں سے گفتگو اچھی چل رہی ہے، سب کے ساتھ مشاورت سے چلیں گے، جے یو آئی اور سندھ کی جماعتوں سمیت ہر جگہ ہم آگے بڑھ رہے ہیں۔
سیکرٹری جنرل پی ٹی آئی نے مزید کہا کہ 23مارچ خوشی کا دن تھا، گھروں پر چھاپے مارے گئے، 23 مارچ کو لاہور میں تو کیک تک نہیں کاٹنے دیا گیا، میں تقریب میں موجود تھا وہاں پولیس آئی، ساؤنڈ سسٹم بند کر دیا، یہ صرف آئین کی پامالی نہیں بلکہ شرافت کی بھی پامالی ہے۔