این ڈی ایم سی نے 2025 کی خشک سالی کا دوسرا الرٹ جاری کردیا

این ڈی ایم سی نے 2025 کی خشک سالی کا دوسرا الرٹ جاری کردیا

(ویب ڈیسک )   این ڈی ایم سی  کی جانب سے 2025 کی خشک سالی کا دوسرا الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔

این ڈی ایم سی کے مطابق   حالیہ بارشوں سے ملک کے وسطی اور بلائی علاقوں میں خشک سالی کی صورتحال میں بہتری آئی ، سندھ بلوچستان کے جنوبی علاقوں اور پنجاب کے مشرقی میدانی علاقوں میں خشک سالی کی صورتحال بدستور برقرار ہے۔

جاری الرٹ میں کہا گیا ہے کہ  پاکستان میں یکم ستمبر 2024 سے لے کر 21 مارچ 2025 تک معمول سے 40 فیصد کم بارشیں دیکھنے میں آئیں ، سندھ میں منفی 62، بلوچستان میں منفی 52 ، پنجاب میں منفی 38 فی صد بارشیں ریکارڈ کی گئیں۔  تربیلا اور منگلا ڈیم میں ذخیرہ شدہ پانی کی شدید قلت ہے،  مختلف دریاؤں میں پانی انتہائی نچلی سطح پر بہہ رہا ہے۔

این ڈی ایم سی کے مطابق   مارچ 2025 کے دوران ملک کے جنوبی حصوں میں اوسط درجہ حرارت معمول سے2 سے 3 سنٹی گریڈ زیادہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ کچھ جنوبی حصوں میں لگاتار خشک دنوں کی تعداد 200 سے بھی تجاوز کر گئی ہے۔

موجودہ موسمی صورتحال اور آب و ہوا کو مدنظر رکھتے ہوئے ملک میں سندھ بلوچستان اور پنجاب کے کچھ اضلاع میں خشک سالی کی صورتحال مزید شدت اختیار کر سکتی ہے،  پاکستان محکمہ موسمیات ملک بھر میں موسمی حالات کی مسلسل نگرانی کر رہا ہے۔

  الرٹ میں کہا گیا ہے کہ ملک میں بارشوں کی کمی ،آنے والے مہینوں میں بڑھتے ہوئے درجہ حرارت کی وجہ سے آنے والے مہینوں میں فلیش ڈراؤٹ کا بھی امکان ہے،   کسان اور زرعی ماہرین پی ایم ڈی کی ویب سائٹ سے خود کو اپڈیٹ رکھیں۔

Watch Live Public News