ویب ڈیسک: امریکا اور ایران کے درمیان جاری مذاکرات کے حوالے سے وزیراعظم شہباز شریف نے اعلان کیا ہے کہ پاکستان جلد ہی مذاکرات کے اگلے دور کی میزبانی کرے گا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے قیامِ امن کے لیے کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستانی قیادت اور صدر ٹرمپ کے درمیان مفید اور تعمیری ٹیلیفونک رابطہ ہوا، جس میں خطے کی صورتحال اور امن عمل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے بیان میں وزیراعظم نے کہا کہ امن کے قیام میں پاکستان کی نمائندگی فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کی، جن کی انتھک سفارتی کاوشیں قابلِ تحسین ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے مذاکراتی عمل کو آگے بڑھانے اور کشیدگی میں کمی کے لیے ایک بار پھر اہم کردار ادا کیا ہے۔
I congratulate President Donald Trump on his extraordinary efforts to pursue peace and for holding a very useful and productive telephone call earlier today, with the leaders of Saudi Arabia, Qatar, Turkiye, Egypt, the UAE, Jordan and Pakistan. Field Marshal Syed Asim Munir…
— Shehbaz Sharif (@CMShehbaz) May 24, 2026
شہباز شریف کے مطابق صدر ٹرمپ نے سعودی عرب، قطر، ترکیہ، مصر، متحدہ عرب امارات اور اردن کی قیادت سے بھی رابطے کیے، جبکہ پاکستان خلوصِ نیت کے ساتھ خطے میں امن اور استحکام کے لیے اپنی سفارتی کوششیں جاری رکھے گا۔
وزیراعظم نے اس بات کی بھی تصدیق کی کہ پاکستان بہت جلد امریکا۔ایران مذاکرات کے اگلے مرحلے کی میزبانی کرے گا۔
دوسری جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران کے ساتھ مجوزہ معاہدے کے بیشتر نکات پر اتفاق ہو چکا ہے اور اس کا باضابطہ اعلان جلد متوقع ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے تہران کا ایک اہم اور خصوصی دورہ کیا تھا، جس کے بعد ٹرمپ نے ٹروتھ سوشل پر اپنے بیان میں کہا کہ معاہدے کی حتمی تفصیلات پر بات چیت جاری ہے۔
امریکی صدر کے مطابق مجوزہ معاہدے کے بعد آبنائے ہرمز کو کھول دیا جائے گا۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ اس سلسلے میں پاکستان، سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، قطر، ترکیہ، مصر، اردن اور بحرین کی قیادت سے مشاورت کی گئی ہے، جبکہ اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو کو بھی پیش رفت سے آگاہ کر دیا گیا ہے۔