ویب ڈیسک: محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ بیشتر میدانی علاقوں میں شدید گرمی اور خشک موسم برقرار رہے گا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آج کشمیر، گلگت بلتستان اور بالائی خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں کہیں کہیں بارش کا امکان ہے، جبکہ میدانی علاقوں میں درجہ حرارت مزید بڑھ سکتا ہے۔
رپورٹ کے مطابق آئندہ ہفتے کے دوران پشاور سمیت خیبرپختونخوا کے میدانی اضلاع میں گرمی کی شدت میں اضافے کا خدشہ ہے، جس کے پیش نظر شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
دوسری جانب بالائی خیبرپختونخوا کے اضلاع دیر، سوات، چترال اور بنوں میں چند مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے، جس سے موسم خوشگوار ہونے اور گرمی کی شدت میں کمی آنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات نے آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران لاہور کے بعض علاقوں میں گرد آلود ہواؤں اور بارش کی پیشگوئی بھی کی ہے۔ محکمہ موسمیات نے شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کرنے اور موسم کی تازہ صورتحال سے آگاہ رہنے کا مشورہ دیا ہے۔