ویب ڈیسک: آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے انڈس شیلڈ 2024 مشقوں کا معائنہ کیا اور پاک فضائیہ کی جنگی تیاریوں اور اپگریڈیشن پر اطمینان کا اظہار کیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کیجانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے پاک فضائیہ کی آپریشنل بیس کا دورہ کیا ہے۔ آرمی چیف نے کثیرالملکی مشق انڈس شیلڈ 2024 کا مشاہدہ کیا۔ ایئربیس آمد پر ایئر چیف ظہر احمد بابر نے آرمی چیف کا استقبال کیا۔ نیول چیف ایڈمرل نوید اشریف بھی اس موقع پر موجود تھے۔

ترجمان پاک فوج کے مطابق انڈس شیلڈ 2024 خطے کی سب سے بڑی کثیر الملکی مشق ہے۔ ان مشقوں میں 24 ایئرفورسز شریک ہیں۔

آرمی چیف کو موجودہ سیکیورٹی چیلنجوں سے ہم آہنگ رہنے کے لیے پاک فضائیہ کی جدید کاری کی کوششوں کے بارےبریفنگ دی گئی۔ آرمی چیف نے پاک فضائیہ کی جنگی تیاریوں اور اپ گریڈیشن کے مختلف پروگراموں کے ذریعے ہونے والی پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا۔

اس موقع پر پی اے ایف کے لڑاکا طیاروں کی جانب سے دلکش فضائی نمائش کی گئی۔ آرمی چیف نے فضائی عملے سے بھی بات چیت کی۔
جنرل عاصم منیر نے پاکستان کی فضائی سرحدوں کی حفاظت کے لیے پی اے ایف اہلکاروں کے عزم کو سراہا۔