ویب ڈیسک: یو اے ای میں نومبر کے مہینے کے لیے پٹرول اور ڈیزل کی نئی قیمتوں کا اعلان جلد متوقع ہے، شہریوں کو اس بار امید ہے کہ گزشتہ ماہ اضافے کے بعد نومبر میں قیمتوں میں کمی کی جائے گی۔
عالمی سطح پر تیل کی قیمتوں میں کمی اور جغرافیائی سیاسی کشیدگی میں کمی کے باعث امکان ظاہر کیا جا رہا ہے تاہم حتمی فیصلہ اس بات پر منحصر ہوگا کہ آنے والے دنوں میں عالمی منڈی کا رجحان کس سمت جاتا ہے۔
اکتوبر میں یو اے ای میں پٹرول کی قیمتوں میں 7 سے 8 فلس کا اضافہ ہوا تھا، سپر 98 پٹرول کی قیمت بڑھ کر 2.77 درہم فی لٹر ہو گئی، اسپیشل 95 کی قیمت 2.66 درہم اور ای-پلس 91 کی قیمت 2.58 درہم ہے، ڈیزل کی قیمت 2.66 سے بڑھ کر 2.71 درہم فی لٹر ہو گئی تھی۔
یو اے ای نے 2015 میں پٹرول , ڈیزل کی قیمتوں کو عالمی منڈی سے منسلک کر دیا تھا۔ اس کے بعد سے ہر ماہ قیمتوں میں ردوبدل عالمی تیل کی قیمتوں کے مطابق کیا جاتا ہے۔
رپورٹس کے مطابق برینٹ کروڈ آئل حال ہی میں 66 ڈالر فی بیرل کے قریب تجارت کر رہا ہے۔ امریکی پابندیوں کے بعد ایک دن میں اس کی قیمت میں تقریباً 5.4 فیصد اضافہ بھی دیکھا گیا۔
تاہم کچھ تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ اگر سپلائی محدود رہی تو نومبر میں یو اے ای میں پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں بڑی کمی کا امکان نہیں، بلکہ معمولی کمی یا استحکام دیکھنے کو مل سکتا ہے۔