ویب ڈیسک: ایشیا کپ ٹی ٹوئنٹی کے سپر فور مرحلے میں سری لنکا کے سابق کپتان دسن شناکا پاکستانی بولرز کے سامنے بے بسی کی تصویر بنے رہے اور ایک شرمناک ریکارڈ اپنے نام کر لیا۔
ابوظبی کے شیخ زید اسٹیڈیم میں کھیلے گئے اس اہم میچ میں شناکا بغیر کوئی رن بنائے صفر پر آؤٹ ہوئے، جس کے ساتھ ہی وہ ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کرکٹ میں سب سے زیادہ مرتبہ صفر پر آؤٹ ہونے والے بلے باز بن گئے۔ یہ ان کے کیریئر کا 14واں موقع تھا جب وہ بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹے اور اس طرح انہوں نے روانڈا کے کیون ارکوزے کو پیچھے چھوڑ دیا جنہیں یہ ریکارڈ پہلے حاصل تھا۔
میچ کے دوران پاکستانی بولرز نے سری لنکن بیٹنگ لائن کو ابتدا ہی سے دباؤ میں رکھا۔ شاہین شاہ آفریدی، حارث رؤف اور اسپنر ابرار احمد نے نپی تلی گیند بازی سے حریف بلے بازوں کو کھل کر کھیلنے کا کوئی موقع نہ دیا۔ سری لنکن ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر صرف 133 رنز ہی بنا سکی۔ دسن شناکا جیسے تجربہ کار کھلاڑی کا بغیر کھاتہ کھولے آؤٹ ہونا نہ صرف ان کے لیے مایوس کن رہا بلکہ سری لنکا کے بیٹنگ آرڈر پر بھی دباؤ بڑھا گیا۔
جواب میں پاکستان نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور 18 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 134 رنز کا ہدف با آسانی حاصل کرلیا۔ اس فتح کے ساتھ پاکستان نے دو قیمتی پوائنٹس سمیٹ کر فائنل میں رسائی کی امیدوں کو برقرار رکھا جبکہ سری لنکا کی فائنل میں پہنچنے کی راہیں تقریباً مسدود ہو گئیں۔
دوسری جانب دسن شناکا کی مسلسل ناکامیوں پر سری لنکن شائقین کرکٹ مایوسی کا شکار ہیں۔ شناکا کو ایک جارح مزاج بلے باز کے طور پر جانا جاتا ہے لیکن حالیہ کارکردگی میں ان کی فارم ڈھونڈے نہیں مل رہی۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ انہیں اپنی بیٹنگ پر ازسرنو توجہ دینے اور آئندہ مقابلوں میں بہتر کھیل پیش کرنے کی ضرورت ہے تاکہ ٹیم کے لیے دوبارہ مؤثر ثابت ہو سکیں۔