(ویب ڈیسک ) معروف میسجنگ ایپ واٹس ایپ نے صارفین کیلئے نیا ٹرانسلیشن فیچر متعارف کردیا ہے۔
واٹس ایپ کی جانب سے صارفین کو میسجز کا ترجمہ کرنے کی سہولت فراہم کردی گئی ہے۔اس فیچر سے صارفین ایپ سے نکلے بغیر ہی چیٹس کا فوری ترجمہ کر سکیں گے۔
اینڈرائیڈ اور آئی او ایس ڈیوائسز کیلئے یہ فیچر دنیا کے 180 ممالک کے صارفین کیلئے متعارف کرایا گیا ہے۔
اینڈرائیڈ فونز صارفین انگلش ، ہندی، پرتگیز، رشین اور عربی زبانوں کا ترجمہ کر سکیں گے جبکہ آئی او ایس ڈیوائسز میں 19 زبانوں کی سپورٹ ایپل ٹرانسلیشن کے تحت دستیاب ہوگی۔
اس حوالے سے واٹس ایپ نے بتایا ہے کہ صارفین اب مختلف زبانوں کے میسجز کا ترجمہ چند سیکنڈوں میں دیکھ کر اس کے مطابق جواب دے سکیں گے۔

فیچر استعمال کرنے کا طریقہ :
اینڈرائیڈ فونز استعمال کرنے والے صارفین اس فیچر کو استعمال کرنے کے لیے مطلوبہ میسج کو کچھ دیر تک دبا کر رکھیں اور پھر اوپر دائیں جانب تھری ڈاٹ مینیو پر کلک کرکے ٹرانسلیٹ اور پھر لینگوئج کا انتخاب کریں۔صارفین تمام چیٹس کے لیے آٹومیٹک ٹرانسلیشن آپشن کو بھی آن کرسکتے ہیں۔جس سے مستقبل میں اس کانٹیکٹ کی تمام چیٹس کا ترجمہ خودکار طور پر ہو جائے گا۔
آئی فونز میں بھی فیچر کو اسی طرح استعمال کیا جاسکتا ہے،تاہم وہاں آٹومیٹک ٹرانسلیشن آپشن دستیاب نہیں ہوگا۔
واٹس ایپ کے مطابق اس فیچر کو متعارف کرانے کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے اور بہت جلد تمام صارفین کو دستیاب ہوگا۔
یہ فیچر ون آن ون چیٹس، گروپ چیٹس اور چینل اپ ڈیٹس پر بھی کام کرتا ہے۔
یہ فیچر اس وقت واٹس ایپ ویب اور ونڈوز ورژن میں ستیاب نہیں ہے۔