پی سی بی میں اہم فیصلے ، سلیکشن کمیٹی تحلیل، چیف سیکیورٹی افسر تبدیل

women cricket team
کیپشن: women cricket team
سورس: google

ویب ڈیسک : پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم کی سیلکشن کمیٹی کو تحلیل کردیا گیا، ویمن کرکٹ ٹیم کے لیے فوری طور پر 7رکنی نئی سلیکشن کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے، جس میں سابق کرکٹر عبدالرزاق اور اسد شفیق شامل ہیں۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے ویمن کرکٹ ٹیم کی ناقص کارکردگی پر سلیکشن کمیٹی تحلیل کردی، کارکردگی کو بہتر بنانے اور نئے کھلاڑیوں کو موقع دینے کے لیے نئی کمیٹی تشکیل دی گئی ہے۔

 رپورٹ کے مطابق سابق آلراؤنڈر عبدالرزاق، ٹیسٹ پلیئر اسد شفیق، سابق ویمن کرکٹرز اسماویہ اقبال اور مارینہ اقبال بھی نئی سلیکشن کمیٹی کا حصہ ہیں۔

عبوری ہیڈ کوچ محتشم رشید، کپتان ندا ڈار، سابق کرکٹر بتول فاطمہ بھی کمیٹی میں شامل ہیں۔ کرکٹ بورڈ کی جانب سے نئی سلیکشن کمیٹی کوفی الفور ذمہ داریاں سنبھالنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

دوسری جانب پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے ویمن کرکٹ ٹیم کے لیے چیف سیکیورٹی افسر کو بھی تبدیل کردیا ہے۔ ذرائع کے مطابق حنا منور کو ویمن کرکٹ ٹیم کی چیف سیکیورٹی افسر مقرر کیا گیا ہے۔

حنا منور کا پولیس گروپ سے تعلق ہے، 2 سال کے لیے ان کی پی سی بی میں تقرری ہوئی ہے، حالیہ بدلتے حالات کی وجہ سے چیف سیکیورٹی افسر کی خدمات حاصل کی گئی ہیں۔

واضح رہے حال ہی میں ویمن کیمپ کے دوران کرکٹرز ہوٹل سے گئیں اور انہیں حادثہ پیش آیا تھا۔ کراچی میں قومی ویمن کرکٹ ٹیم کی 2کھلاڑی بسمہ معروف اور غلام فاطمہ کار حادثے میں معمولی زخمی ہوئی تھیں۔