(ویب ڈیسک ) ضلع خیبر میں سیکیورٹی فورسز نےانٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کرتے ہوئے 3 دہشتگرد وں کو ہلاک کردیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سےجاری بیان کے مطابق سیکورٹی فورسز نے دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر ضلع خیبر میں انٹیلی جنس پر مبنی آپریشن کیا، آپریشن کے دوران سیکورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔
ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی فورسز نے فائرنگ کے تبادلے میں تین دہشت گردوں کو جہنم واصل کردیا ، ہلاک دہشت گرد سرغنہ سہیل عظمتو اور دہشت گرد سرغنہ حاجی گل زرکاوی شامل ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آپریشن کے دوران دہشت گردوں کے ٹھکانے کو بھی تباہ کر دیا گیا، مارے گئے دہشت گردوں سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا، جو علاقے میں دہشت گردی کی متعدد کارروائیوں میں سرگرم رہے،اہل علاقہ نے آپریشن کو سراہا۔
ترجمان پاک فوج نے کہا کہ علاقے میں پائے جانے والے کسی دوسرے دہشت گرد کو ختم کرنے کے لیے سینی ٹائزیشن آپریشن کیا جا رہا ہے ، سیکیورٹی فورسز ملک سے دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔