پنجاب میں ہیٹ ویو کا خطرہ، پی ڈی ایم اے کا مراسلہ جاری

پنجاب میں ہیٹ ویو کا خطرہ، پی ڈی ایم اے کا مراسلہ جاری
کیپشن: پنجاب میں ہیٹ ویو کا خطرہ، پی ڈی ایم اے کا مراسلہ جاری

ویب ڈیسک: پنجاب بھر میں ہیٹ ویو کے خطرے کے پیش نظر پی ڈی ایم اے پنجاب نے محکمہ لوکل گورنمنٹ اینڈ کمیونٹی ڈویلپمنٹ کو مراسلہ جاری کردیا ہے۔اس کے علاوہ  صوبے بھر کے کمشنر و ڈپٹی کمشنرز کو بھی مراسلہ جاری کیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا نے مراسلہ جاری کیا۔ مراسلے میں کہا گیا ہے کہ  اربن سنٹرز، پبلک پارکس، کمیونٹی ہالز، یونین کونسل دفاتر، اور دیگر لوکل گورنمنٹ بلڈنگز میں عارضی اور مستقل کولنگ شیلٹرز کا انتظام کیا جائے۔ مارکیٹس، بس سٹاپ، مذہبی عبادت گاہوں پر ہائیڈریشن پوائنٹس اور پانی کی دستیابی کے لیے انتظامات کیے جائیں۔ پبلک ٹوائلٹ، اور ہینڈ پمپس کو فعال رکھا جائے۔

پی ڈی ایم اے پنجاب  نے مراسلے میں کہا ہے کہ تمام میٹروپولیٹن کارپوریشن، میونسپل کمیٹیوں، اور میونسپل کارپوریشن کو ہیٹ ویو بارے اقدامات کرنے کے لیے مکمل طور پر فعال کیا جائے۔ واسا اور ریسکیو 1122 کے ساتھ کوارڈینیشن کو یقینی بنایا جائے۔ لوکل سطح پر ہیٹ ویو بارے شہریوں میں آگاہی پیدا کریں۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا کا کہنا تھا کہ عوامی آگاہی کے لئے سپیکرز، بینرز اور مساجد میں اعلانات کروائے جائیں۔  لوکل شخصیات، اساتذہ ، مذہبی رہنماؤں کی مدد سے عوامی آگاہی مہم چلائیں۔  یونین کونسل اور میونسپل کارپوریشن میں ہیٹ ویو بارے نمائندہ تعینات کیا جائے۔ 

Watch Live Public News