ویب ڈیسک: صدرِ پاکستان آصف علی زرداری سے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ملاقات کی، جس میں پہلگام واقعے کے بعد بھارت کی غیر ذمہ دارانہ پالیسیوں کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
تفصیلات کے مطابق وزیر داخلہ نے صدر کو قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں ہونے والے فیصلوں سے آگاہ کیا، جس پر صدر زرداری نے بروقت ردعمل اور فیصلوں کو سراہا۔
صدر مملکت نے اپنے بیان میں کہا کہ قومی سلامتی کمیٹی نے وہی فیصلے کیے جو پوری قوم کی سوچ اور جذبے کی عکاسی کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی الزامات بے بنیاد اور ان کے اقدامات غیر ضروری ہیں، جن کی کوئی عقلی توجیہہ نہیں بنتی۔
اس موقع پر وزیر داخلہ محسن نقوی کا کہنا تھا کہ دشمن کسی خوش فہمی میں نہ رہے، پاکستان کا دفاع مضبوط اور ناقابل شکست ہے۔