ویب ڈیسک: پہلگام واقعے کے بعد پاکستانی اداکار فواد خان اور وانی کپور کی رومانوی بالی ووڈ فلم "عبیر گلال" کے گانے اور ٹیزر کو یوٹیوب اور انسٹاگرام سے ہٹا دیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق "عبیر گلال" کے گانے "خدایا عشق" اور "انگریزی رنگ رسیا" کو فلم کے پروڈکشن ہاؤس نے اپنے آفیشل یوٹیوب چینل پر اپ لوڈ کیا تھا۔ تاہم انتہا پسند ہندو گروپوں کی شدید مخالفت کے بعد، یہ گانے اب یوٹیوب چینل سے ہٹا دیے گئے ہیں۔فلم کی ریلیز 9 مئی 2025 کو متوقع تھی، لیکن اب اس کی نمائش پر سوالات اٹھنے لگے ہیں۔
پہلگام حملے سے قبل بھارتی فلم انڈسٹری کی فنکاروں کی تنظیم "فیڈریشن آف ویسٹرن انڈیا سنی ایمپلائز" نے 2019 میں پلوامہ حملے کے بعد پاکستانی فنکاروں کے بائیکاٹ کا مطالبہ کیا تھا۔ پہلگام حملے کے بعد اس تنظیم نے ایک بار پھر پاکستانی فنکاروں، گلوکاروں اور تکنیکی ماہرین کے ساتھ کسی بھی قسم کے تعاون پر پابندی عائد کرنے کا اعلان کیا ہے۔
تنظیم کے بیان میں کہا گیا ہے کہ اگر کسی بھارتی فلم انڈسٹری کے فرد نے پاکستانی فنکار کے ساتھ تعاون کیا، تو اس کے خلاف تادیبی کارروائی کی جائے گی، اور یہ یقینی بنایا جائے گا کہ فلم "عبیر گلال" بھارت میں ریلیز نہ ہو۔