یوٹیوب اسٹار مسٹر بیسٹ نے شادی کر لی، تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل

یوٹیوب اسٹار مسٹر بیسٹ نے شادی کر لی، تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل
کیپشن: یوٹیوب اسٹار مسٹر بیسٹ نے شادی کر لی، تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل

ویب ڈیسک: دنیا کے معروف یوٹیوبر اور کانٹینٹ کریئیٹر مسٹر بیسٹ (جیمز ڈونلڈسن) رشتۂ ازدواج میں منسلک ہو گئے ہیں۔ انہوں نے اپنی دیرینہ دوست تھیایا بوئس سے شادی کا اعلان کرتے ہوئے مداحوں کو خوشگوار حیرت میں مبتلا کر دیا۔

28 سالہ مسٹر بیسٹ نے منگل کو ساحلِ سمندر پر منعقد ہونے والی شادی کی تقریب کی تصاویر سوشل میڈیا پر شیئر کرتے ہوئے لکھا، "مجھے مسز بیسٹ مل گئی ہیں، اور یہ میری زندگی کا بہترین دن تھا۔"

دوسری جانب ان کی اہلیہ تھیایا نے بھی شادی کے بعد اپنے انسٹاگرام پروفائل پر نام تبدیل کر کے تھیایا ڈونلڈسن رکھ لیا اور تقریب کی تصاویر اپنے مداحوں کے ساتھ شیئر کیں۔

شادی کی تقریب میں مسٹر بیسٹ نے سفید بلیزر کے ساتھ سیاہ پینٹ زیب تن کی، جبکہ 27 سالہ تھیایا سفید عروسی لباس میں دلکش دکھائی دیں۔ تقریب کی تصاویر سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہیں اور مداح جوڑے کو مبارک باد دے رہے ہیں۔

مسٹر بیسٹ نے چند روز قبل 11 جولائی کو سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک پوسٹ میں مزاحیہ انداز میں لکھا تھا کہ "آج کوئی ویڈیو اپ لوڈ نہیں ہو رہی، ہو سکتا ہے میں شادی کر رہا ہوں اور تھوڑا مصروف ہوں۔" اس پوسٹ کے بعد مداحوں نے شادی سے متعلق قیاس آرائیاں شروع کر دی تھیں، جو اب درست ثابت ہو گئی ہیں۔

رپورٹس کے مطابق مسٹر بیسٹ اور تھیایا کی پہلی ملاقات 2022 میں ایک مشترکہ دوست کی دعوت پر ہوئی تھی، جس کے بعد دونوں نے ایک دوسرے کو ڈیٹ کرنا شروع کیا۔ بعد ازاں مسٹر بیسٹ نے 2024 میں کرسمس کے موقع پر تھیایا کو شادی کی پیشکش کی، جبکہ شادی سے چند روز قبل تھیایا نے اٹلی میں ہونے والی اپنی بیچلرٹ پارٹی کی تصاویر بھی سوشل میڈیا پر شیئر کی تھیں۔

Watch Live Public News