ویب ڈیسک: جنوبی کوریا کے گلوکار سائی کا مشہور گانا ’ گینگنم اسٹائل‘ 15 جولائی 2012 کو ریلیز ہوا اور دیکھتے ہی دیکھتے عالمی سطح پر مقبول ہوگیا۔
منفرد میوزک ویڈیو، گھوڑے کی سواری سے مشابہ ڈانس اور دلکش دھن نے گانے کو غیر معمولی شہرت دلائی۔ ’ گینگنم اسٹائل‘ یوٹیوب پر ایک ارب ویوز حاصل کرنے والی پہلی ویڈیو بھی بنی۔
تقریباً 14 سال بعد گانے کی ویڈیو کے ویوز 6 ارب کے قریب پہنچ چکے ہیں، جس کے بعد اس سے حاصل ہونے والی آمدنی بھی توجہ کا مرکز بن گئی ہے۔ یوٹیوب نے 2013 میں بتایا تھا کہ تقریباً 1.2 ارب ویوز پر ’ گینگنم اسٹائل‘ سے 8 ملین ڈالر سے زیادہ اشتہاری آمدنی حاصل ہوئی تھی۔ بعد کے برسوں میں ویوز میں مسلسل اضافے کے باعث اس کی مجموعی اشتہاری آمدنی کئی کروڑ ڈالر تک پہنچنے کا اندازہ لگایا گیا ہے۔
تاہم حتمی آمدنی کا تعین مشکل ہے کیونکہ یوٹیوب پر اشتہارات کی قیمت مختلف عوامل کے باعث تبدیل ہوتی رہتی ہے۔ اس کے علاوہ گانے کے حقوق رکھنے والوں کی آمدنی میں میوزک سیلز، لائسنسنگ، تشہیری معاہدوں اور دیگر ذرائع سے حاصل ہونے والی رقم بھی شامل ہوسکتی ہے۔
’ گینگنم اسٹائل‘ نے سائی کو عالمی شہرت دلانے کے ساتھ یہ بھی ثابت کیا کہ انگریزی کے علاوہ کسی دوسری زبان کا گانا بھی عالمی موسیقی کی صنعت میں غیر معمولی کامیابی حاصل کرسکتا ہے۔ اس کی کامیابی نے موسیقی کی دنیا میں یوٹیوب اور اسٹریمنگ پلیٹ فارمز کی بڑھتی ہوئی اہمیت بھی اجاگر کی۔