(ویب ڈیسک ) ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ وزیر خارجہ نے کسی بھی جارحیت کا بھرپور جواب دینے کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار سے سعودی عرب کے وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان کا ٹیلی فونک رابطہ، دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعلقات کی موجودہ صورتحال پر اطمینان کا اظہار کیا۔
ترجمان دفترخارجہ نے کہا کہ انہوں نے علاقائی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا، وزیر خارجہ نے شہزادہ فیصل کو بھارت کی طرف سے اعلان کردہ یکطرفہ اقدامات کے تناظر میں پاکستان کی قومی سلامتی کمیٹی کے فیصلوں سے آگاہ کیا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق انہوں نے بھارت کے بے بنیاد الزامات کو مسترد کرتے ہوئے مزید اشتعال انگیز اقدامات سے خبردار کیا، وزیر خارجہ نے کسی بھی جارحیت کا بھرپور جواب دینے کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔دونوں رہنماؤں نے بدلتی ہوئی علاقائی صورتحال پر مشاورت اور رابطہ جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔