پاکستان اور بھارت کے درمیان ثالثی کیلئے سعودی عرب، ایران میدان میں آگئے

پاکستان اور بھارت کے درمیان ثالثی کیلئے سعودی عرب، ایران میدان میں آگئے

ویب ڈیسک:  بھارت اور پاکستان کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کے دوران سعودی عرب اور ایران نے دونوں ممالک کے درمیان ثالثی اور مفاہمت کی کوششیں تیز کر دی ہیں، ان کوششوں کا آغاز اُس وقت ہوا جب جموں و کشمیر کے علاقے پہلگام میں حالیہ دہشت گرد حملے میں 26 افراد ہلاک ہوئے، جس کے بعد دونوں ممالک کے تعلقات مزید خراب ہو گئے۔

ایرانی وزیر خارجہ سید عباس عراقچی نے جمعہ کے روز بھارت اور پاکستان کے درمیان "بہتر تفہیم پیدا کرنے" کی پیشکش کی ہے، جبکہ سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے بھارتی اور پاکستانی ہم منصبوں سے الگ الگ فون پر بات چیت کی ہے۔

بھارتی وزیر خارجہ ایس جے شنکر نے اپنے ایک سوشل میڈیا بیان میں شہزادہ فیصل سے گفتگو کی تصدیق کی ہے، جبکہ پاکستان کی وزارت خارجہ نے بھی رابطے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیر خارجہ اور نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار نے سعودی وزیر خارجہ کو قومی سلامتی کمیٹی کے اہم فیصلوں سے آگاہ کیا۔

سفارتی ذرائع کے مطابق نئی دہلی میں ان دنوں ان ممالک کی جانب سے ممکنہ پسِ پردہ ثالثی کی قیاس آرائیاں گردش کر رہی ہیں جو بھارت اور پاکستان دونوں کے ساتھ قریبی سفارتی اور اقتصادی تعلقات رکھتے ہیں۔

واضح رہے کہ بھارت نے پہلگام  حملے کو "سرحد پار دہشت گردی" قرار دیتے ہوئے پاکستان پر شدید الزامات عائد کیے ہیں، جس کے بعد دونوں ممالک نے ایک دوسرے کے خلاف کئی اقدامات کیے ہیں، جن میں سفارتی تعلقات میں کمی، ویزہ معطلی، تجارتی روابط کا خاتمہ اور سرحدی سختیاں شامل ہیں۔

Watch Live Public News