لاہور(ویب ڈیسک) صوبائی دارالحکومت میں جنسی زیادتی کے واقعات میں ہوشربا اضافہ دیکھا گیا ہے، گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران شہر میں جنسی زیادتی کے 5 واقعات پیش آئے ہیں. پولیس نے تمام واقعات کا مقدمہ درج کر لیا ہے. پولیس کے مطابق جنسی زیادتی کا ایک واقعہ لاہور کے علاقے جوہر ٹاؤن میں پیش آیا، جہاں سوتیلے باپ نے مبینہ طور پر سولہ سالہ بیٹی کو زیادتی کا نشانہ بنایا جس کا مقدمہ ملزم کی بیوی کی مدعیت میں درج کیا گیا۔ دوسرا واقعہ شادباغ کے علاقے بھگت پورہ میں پیش آیا جہاں 4 بچوں کی ماں کو مبینہ طور پر زیادتی کا نشانہ بنادیا گیا جبکہ مناواں میں دس سالہ بچے سے نامعلوم شخص نے زیادتی کی۔ ایک اور واقعہ میں لاری اڈہ کے علاقے میں سترہ سالہ لڑکی کو ملازمت کا لالچ دیکر زیادتی کا نشانہ بنایا گیا جب کہ نواں کوٹ پولیس نے گرجا روڈ پر 7 سالہ بچی سے زیادتی کی کوشش پر 15سالہ ملزم کو گرفتار کرلیا۔