ویب ڈیسک: عوام کو بہترین سفری سہولتیں دینے کیلئے پاکستان ریلوے نے کراچی اور لاہور کے درمیان تیز رفتار بلٹ ٹرین چلانے کا اعلان کیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیر ریلوے حنیف عباسی نے بتایا کہ پاکستان ریلویز 2030 تک کراچی اور لاہور کے درمیان تیز رفتار بلٹ ٹرین چلانے کا ارادہ رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ 1215 کلومیٹر طویل ہائی سپیڈ ریل لائن کراچی سے پشاور مین لائن ون (ML-1) کا حصہ ہو گی جسے CPEC منصوبے کے تحت 6.8 بلین ڈالر کی لاگت سے اپ گریڈ کیا جائے گا۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ کراچی اور لاہور کے درمیان چلنے والی ٹرین 250 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے سفر کرے گی۔ ٹرین کے حیدرآباد، ملتان اور ساہیوال میں اسٹاپیج ہوں گے۔ انہوں نے بتایا کہ منصوبہ چین کی مدد سے مکمل کیا جائے گا اور اس میں چائنا ریلوے کنسٹرکشن کارپوریشن بھی شامل ہو گی جب کہ منصوبے کے تحت ریلوے کے ڈبل ٹریک کو اپ گریڈ کیا جائے گا، نئے پل بنائے جائیں گے اور جدید سگنل سسٹم بھی لگایا جائے گا۔
قبل ازیں بتایا گیا تھا کہ ایشیائی ترقیاتی بینک (اے ڈی بی) نے کراچی سے روہڑی تک ریلوے لائن کی اپ گریڈیشن کے لیے اربوں روپے کی مالی امداد کا فیصلہ کیا ہے۔