ویب ڈیسک: محکمہ ایکسائز کا بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو بڑی سہولت دینے کا فیصلہ۔ وہ اب گاڑی وموٹر سائیکل کی بیرون ملک بیٹھ کر خریدو فروخت کرسکیں گے۔
تفصیلات کے مطابق ڈی جی ایکسائز عمر شیر چٹھہ نے اوورسیز کو بیرون ملک بیٹھ کر گاڑی کی رجسٹریشن وٹرانسفر کی سہولت دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ ڈی جی ایکسائز نے بیرون ملک رہنے والوں کو بائیو میٹرک کی سہولت دینے کے لئے نادرا کو مراسلہ بجھوا دیا۔
عمر شیر چٹھہ نے کہا کہ شہریوں کے شناختی کارڈز اور گاڑیوں کا ڈیٹا آپس میں منسلک ہے۔ نادرا پاک آئی ڈی کے تحت شہریوں کو بیرون ملک بیٹھ کر رجسٹریشن و ٹرانسفر کی اجازت دے۔
انہوں نے کہا کہ ابھی اووسیز کو گاڑی کی ٹرانسفر کےلئے متعلقہ ایمبیسی سے تصدیق کروا کر خونی رشتے کو پاور آف اٹارنی دینا پڑتی ہے۔ پاور اٹارنی کے پراسس پر کافی زیادہ وقت ضائع ہوتا اور پیچیدگیاں بھی سامنے آتی ہیں۔
ڈی جی ایکسائز نے کہا کہ بائیو میٹرک کی وجہ سے ہزاروں کی تعداد میں گاڑیاں ٹرانسفر ہوسکیں گی۔ نادرا کی جانب سے اجازت سے اوورسیز شہریوں کے لئے بڑی آسانی ہوگی۔