ویب ڈیسک: پنجاب کی جیلوں میں قید افراد کی بیٹیوں کے لیے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا تاریخی اور انقلابی اقدام۔ "دھی رانی پروگرام" اب قیدیوں کی معصوم بیٹیوں کیلئے اُمید کی نئی کرن بنے گا۔
صوبائی وزیر سوشل ویلفیئر و بیت المال سہیل شوکت بٹ کا کہنا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے حکم پر "دھی رانی پروگرام" کا دائرہ کار قیدی افراد کی بیٹیوں کے لیے بڑھا دیا گیا ہے۔ اس حوالے سے محکمہ سوشل ویلفیئر کے تمام ریجنل ڈائریکٹرز کو ہدایات جاری کر دی ہیں۔
سہیل شوکت بٹ نے کہا کہ قیدیوں کے ڈیٹا کو بھی "دھی رانی پروگرام" کے لیے لازم قرار دے دیا ہے۔ ملتان ڈویژن سے اب تک 124 قیدیوں کی درخواستیں موصول ہوئی ہیں۔ قیدیوں نے بیٹیوں کی شادیاں "دھی رانی پروگرام" کے تحت کرانے کی اپیل کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کا یہ قدم ثابت کرے گا کہ پنجاب ہر بیٹی کے ساتھ کھڑا ہے۔ پنجاب کی کوئی دھی رانی اپنے والد کی قید کی وجہ سے اپنی خوشیوں سے محروم نہیں رہے گی۔