ویب ڈیسک: نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کی جدہ میں سعودی وزیر خارجہ فیصل بن فرحان سے ملاقات، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور سعودی وزیر خارجہ کی ملاقات او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل کے غیر معمولی اجلاس کی سائیڈ لائنز پر ہوئی۔
پاک سعودی وزرائے خارجہ نے غزہ میں سنگین انسانی صورتحال،نسل کشی،قحط کی صورتحال پر اظہار تشویش کیا، اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ غزہ میں مستقل جنگ بندی اور بلا روک ٹوک انسانی امداد کی فراہمی پر بھی بات ہوئی ، غزہ میں تعمیر نو اور پائیدار امن پر بھی تبادلہ خیال کیا ہے، سعودی وزیر خارجہ کے ساتھ کئی اہم شعبوں میں دو طرفہ تعلقات کا بھی جائزہ لیا گیا۔
ترجمان دفترخارجہ کے مطابق نائب وزیر اعظم نے کی ایرانی وزیر خارجہ سید عباس عراقچی سے او آئی سی کے وزرائے خارجہ کونسل کے فلسطین پر ہونے والے ہنگامی اجلاس کے موقع پر بھی ملاقات کی۔
ملاقات کے دوران غزہ کی سنگین صورتحال پر تبادلہ خیال ہوا، ملاقات کے دوران اسرائیلی جارحیت، نسل کشی اور قحط کی شدید مذمت کی گئی۔
ملاقات میں بلا روک ٹوک انسانی امداد اور دیرپا جنگ بندی کی فوری ضرورت پر زور دیا۔
ایرانی صدر کے حالیہ دورہ پاکستان سمیت حالیہ اعلیٰ سطحی تبادلوں کو دہراتے ہوئے پاکستان اور ایران کے درمیان قریبی اور برادرانہ تعلقات کا اعادہ کیا گیا۔
ملاقات کے دوران خطے اور اس سے باہر امن و سلامتی پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔
وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے صومالیہ کے وزیر خارجہ عبدالسلام عابدی علی سے بھی او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل کے 21ویں غیر معمولی اجلاس کے موقع پر ملاقات کی۔
ترجمان دفترخارجہ کے مطابق ملاقات کے دوران غزہ کی صورتحال اور اسرائیلی جارحیت کے نتیجے میں پیدا ہونے والے قحط اور انسانی بحران کی مذمت کی۔
ملاقات کے دوران بلا روک ٹوک غزہ میں انسانی امداد کی فوری ضرورت پر زور دیا۔
ملاقات میں تجارت، اقتصادی تعلقات اور عوام سے عوام کے تبادلے سمیت برادرانہ تعاون کو مضبوط بنانے کی اہمیت پر بھی زور دیا۔
وزیر خارجہ نے حالیہ سیلاب کے دوران پاکستان کے ساتھ صومالیہ کی یکجہتی پر بھی شکریہ ادا کیا۔
