(ویب ڈیسک ) نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار کا کہنا ہے کہ اسرائیل کا گریٹر اسرائیل منصوبے خطے میں امن کیلئے خطرہ ہے۔ پاکستان اس منصوبے کو سختی سے مسترد کرتا ہے۔
وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے جدہ میں او آئی سی وزرائے خارجہ کے فلسطین کی صورتحال پر ہوئے غیر معمولی اجلاس میں کہا کہ فلسطین میں اسرائیل کے مسلط کردہ قحط کے باعث ہنگامی امداد کی فراہمی اشد ضروری ہے۔
انہوں نے کہا کہ اسرائیلی حملوں میں بے گناہ فلسطینوں کو شہید کیا گیا، غزہ میں 60 ہزار کے قریب بچے شہید کیے گئے۔
نائب وزیر اعظم نے کہا کہ او آئی سی کا ہنگامی اجلاس بلانے پر ترکیہ اور ایران کے شکر گزار ہیں۔ اسرائیل کی جانب سے بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزیاں کی جا رہی ہیں، فلسطینیوں کو اجتماعی سزا دی جا رہی ہے ۔
ان کا کہنا تھا کہ اسپتالوں، اسکولوں اور پناہ گزین کیمپوں پر حملے عالمی قوانین کے خلاف ہیں، فلسطین میں قحط کی صورتحال ہے، فوری اقدامات ناگزیر ہیں۔
اسحاق ڈار نے خطاب میں کہا اسرائیل کا گریٹر اسرائیل منصوبے خطے میں امن کیلئے خطرہ ہے۔ پاکستان اس منصوبے کو سختی سے مسترد کرتا ہے۔
وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ غزہ میں انسانی امداد کی فوری اور محفوظ رسائی ممکن بنائی جائے۔ غزہ سے جبری بیدخلی اور قبضے کا فوری خاتمہ کیا جائے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان عرب ممالک کی خود مختاری اور سالمیت کی حمایت کرتا ہے۔ عالمی برادری اسرائیل کے خلاف سخت اقدامات کرے، مسئلہ فلسطین کے 1967سے پہلے کی سرحدوں پر مبنی دو ریاستی حل کے حامی ہیں۔