(ویب ڈیسک) سید مجتبیٰ خامنہ ای کا کہنا ہے کہ دشمن امتِ مسلمہ کو تقسیم کر کے اس کی طاقت کم کرنا چاہتا ہے۔ وقت آ گیا ہے کہ مسلمان غور و فکر کریں اور بدلتے حالات پر گہری نظر رکھیں۔
ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ سید مجتبیٰ خامنہ ای نے رسول اکرم ﷺ کی ولادت کے موقع پر جاری پیغام میں کہا کہ امریکا اور اسرائیل صرف ایران نہیں بلکہ تمام مسلمانوں کے دشمن ہیں۔ مشرق وسطیٰ کے ممالک کو یہ سمجھنے کی ضرورت ہے کہ ان کے اصل دشمن کون ہیں اور ان کے کیا مقاصد ہیں۔
انہوں نے کہا کہ خلیجی ممالک اپنے حقیقی دشمن کو پہنچانیں، اور اس کا مقابلہ کریں۔ مشرق وسطیٰ کے ممالک کے مسلمانوں میں اتحاد ہی اسلامی انقلاب کا بنیادی اصول اور اہم پیغام ہے۔
ایرانی سپریم لیڈر نے کہا کہ آج فلسطینیوں پرجاری مظالم کی ایک بڑی وجہ مسلم دنیا کا متحد نہ ہونا ہے۔ اگر خلیج فارس کے ممالک متحد ہوتے تو کیا دشمن ان کی سر زمین اور دولت پر للچائی ہوئی نظریں ڈالتا؟
ان کا مزید کہنا تھا کہ دشمن امتِ مسلمہ کو تقسیم کر کے اس کی طاقت کم کرنا چاہتا ہے۔ وقت آ گیا ہے کہ مسلمان غور و فکر کریں اور بدلتے حالات پر گہری نظر رکھیں۔