(ویب ڈیسک ) عمان نے سرمایہ کاروں کے لیے گولڈن ویزا اسکیم متعارف کرانے کا فیصلہ کیا ہے، جو 31 اگست سے نافذ العمل ہوگی۔ اس اسکیم کا مقصد سلطنت عمان کو عالمی سرمایہ کاری کا مرکز بنانا اور تجارت میں ڈیجیٹل تبدیلی کو فروغ دینا ہے۔
غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق وزارتِ تجارت، صنعت و سرمایہ کاری کے فروغ نے اس اسکیم کو ’المجیدہ کمپنیز‘ کے اقدام کے تحت متعارف کرانے کا اعلان کیا ہے، جس کا مقصد ملک کی نمایاں کارکردگی دکھانے والی کمپنیوں کی ترقی میں معاونت فراہم کرنا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ ’ عمان بزنس پلیٹ فارم‘ کے ذریعے کمرشل رجسٹریشن کی آن لائن منتقلی کی سہولت بھی فراہم کی جائے گی۔
یہ اعلان صلالہ میں ہونے والی ایک تقریب کے دوران کیا جائے گا، جہاں سلطان قابوس یونیورسٹی، جرمن یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی، عمان انرجی ایسوسی ایشن اور ایبناء کے ساتھ شراکتی معاہدوں پر بھی دستخط کیے جائیں گے، جن کا مقصد عمان کے تعمیراتی شعبے کو مزید ترقی دینا ہے۔
عمان میں گولڈن ویزا اسکیم اور اس سے جڑی اصلاحات کا مقصد طویل المدتی سرمایہ کاری کو فروغ دینا اور کاروباری طبقے کو پائیدار استحکام فراہم کرنا ہے۔
عمان کا گولڈن ویزا پروگرام
عمان نے اب سرمایہ کاری کے دو طویل مدتی رہائشی پروگرام متعارف کرائے ہیں، جن کے تحت امیدوار مخصوص شرائط پوری کرنے کی صورت میں رئیل اسٹیٹ، کمرشل سرمایہ کاری یا طویل المدتی بینک ڈپازٹس کے ذریعے پانچ یا دس سال کی قابل تجدید رہائش حاصل کر سکتے ہیں۔
اس نئے پروگرام کے لیے درخواستیں ’انوَسٹ عمان‘ کے آن لائن پلیٹ فارم کے ذریعے دی جا سکتی ہیں۔
یہ پروگرام دو درجوں (ٹیئرز) پر مشتمل ہے:
ٹیئر 1:
ٹیئر 1 کے لیے درخواست دینے کے لیے سرمایہ کار کو درج ذیل میں سے کوئی ایک شرط پوری کرنی ہوگی:
- کسی محدود ذمہ داری کمپنی، پبلک جوائنٹ اسٹاک کمپنی یا حکومتی بانڈز میں کم از کم 5 لاکھ عمانی ریال کی سرمایہ کاری
- سلطنت عمان میں کم از کم 5 لاکھ عمانی ریال مالیت کی جائیداد خریدنا
- ایسی کمپنی قائم کرنا جو کم از کم 50 عمانی شہریوں کو ملازمت دے۔ اس میں کمپنی کے سرمایہ کی کوئی شرط نہیں رکھی گئی۔
ٹیئر 1 ریزیڈنسی پرمٹ کی مدت 10 سال ہے، جو قابلِ توسیع ہے۔ اس کارڈ کے اجرا کی فیس 551 عمانی ریال ہے۔
ٹیئر 2:
ٹیئر 2 کے لیے اہل ہونے کے لیے سرمایہ کار کو:
- کسی محدود ذمہ داری کمپنی یا پبلک جوائنٹ اسٹاک کمپنی میں کم از کم 2 لاکھ 50 ہزار عمانی ریال کی سرمایہ کاری کرنا
یا
- سلطنت عمان میں کم از کم 2 لاکھ 50 ہزار عمانی ریال مالیت کی جائیداد خریدنی ہوگی۔
ٹیئر 2 ریزیڈنسی پرمٹ کی مدت 5 سال ہے، جو قابلِ توسیع ہے۔ اس کارڈ کے اجرا کی فیس 326 عمانی ریال ہے۔
عمان میں موجود وہ غیر ملکی ملازمین جو ریٹائر ہو کر عمان میں رہائش اختیار کرنا چاہتے ہیں، وہ بھی اس پروگرام کے تحت رہائشی پرمٹ حاصل کر سکتے ہیں، بشرطیکہ وہ 4000 عمانی ریال ماہانہ مقرر آمدنی کا ثبوت فراہم کریں۔