نئی دہلی: (ویب ڈیسک)انڈین فضائیہ کا جنگی طیارہ مگ 21 طیارہ راجستھان میں جیسلمیر کے قریب گر کر تباہ ہوگیا، جس کے نتیجے میں پائلٹ بھی ہلاک ہوگیا۔ انڈین میڈیا ے مطابق جیسلمیر کے پولیس حکام نے بتایا کہ مگ 21 طیارہ ڈیزرٹ نیشنل پارک کے علاقے میں گر کر تباہ ہوا۔ واقعے میں پائلٹ بھی موقع پر ہلاک ہوگیا جس کی شناخت ونگ کمانڈر ہرشیت سنہا کے نام سے ہوئی. بھارتی فضائیہ کے آفیشل ٹوئٹر ہینڈل کے مطابق گذشتہ رات تقریباً ساڑھے آٹھ بجے مگ 21 طیارہ، جو کہ تربیتی پرواز پر تھا، گر کر تباہ ہو گیا ہے۔ یاد رہے کہ انڈیا میں رواں سال مگ 21 کے کئی حادثے رپورٹ ہوئے ہیں اور اس ہوائی جہاز کو ایک ’اڑتا ہوا تابوت‘ کا نام دیا گیا ہے کیونکہ یہ جہاز بہت زیادہ حادثات کا شکار ہوتا ہے۔ بھارتی حکومت نے مئی 2012 ء میں پارلیمنٹ کو بتایا تھا کہ 1971ء سے اپریل 2012 ء تک، 482 مگ طیارے حادثات کا شکار ہوئے، جن میں 171 پائلٹ، 39 عام شہری، آٹھ سروس اہلکار اور ایک ہوائی عملہ ہلاک ہوا۔