(ویب ڈیسک ) تیلگو فلم انڈسٹری کے سپر اسٹار اداکار الو ارجن کی فلم پشپا 2 کے بھگدڑ کے دوران زخمی ہونیوالے بچے کو ہوش آگیا ہے۔
خیال رہے کہ 4 دسمبر کو حیدر آباد کے تھیٹر میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا تھا، فلم پشپا 2 کے پریمئیر کے دوران بھگدڑ مچنے سے 39 سالہ خاتون جاں بحق جبکہ ایک بچہ شدید زخمی ہو گیا تھا۔
اس افسوسناک واقعے میں ریوتی کا آٹھ سالہ بیٹا سریتیج بھی شدید زخمی ہوا تھا اور وینٹیلیٹر پرموجود تھا۔ سریتیج کے والد بھاسکر نے بیٹے کی صحت سے متعلق ایک امید افزا اپ ڈیٹ دی ہے۔
بھاسکر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آخرکار ان کے بیٹے نے 20 دنوں کے بعد اسے ہوش آگیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بیٹے کے علاج میں اللو ارجن اور تلنگانہ حکومت نے ہماری کوئی مدد نہیں کی۔
انہوں نے کہا کہ سریتیج نے ابھی آنکھیں کھولیں ہیں ، تاہم وہ کسی کو نہیں پہچان رہا، ڈاکٹروں نے ہمیں بتایا کہ اگر گھر والے اس کے ساتھ رہیں اور اسے پکاریں تو وہ انہیں پہچان سکتا ہے، ہم کوششیں کر رہے ہیں لیکن وہ ہمیں پہچان نہیں پا رہا ہے۔
اسپتال کے ڈاکٹروں نے بچے کی صحت سے متعلق میڈیا کو بتایا ہے کہ بچہ ہوش میں آچکا ہے اور اب اسے وینٹی لیٹر کی سپورٹ کی ضرورت نہیں ہے ، وینٹیلیٹر ہٹا دیا گیا۔
ڈاکٹروں کے مطابق بچہ صرف ابھی آنکھ کھول پارہا ہے اور ہاتھ پاؤں ہلا پارہا ہے ،لیکن وہ ابھی تک اپنے والدین یا رشتے داروں کو نہیں پہچان پا رہا ہے۔
یاد رہے کہ 4 دسمبر کو پشپا 2 کے پریمئیر کے دوران بھگدڑ مچنے کے بعد ریوتی نامی خاتون کی موت ہوگئی اور ان کے آٹھ سالہ بیٹے کو بھگدڑ میں پھنسنے کے سبب تشویشناک حالت میں اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا۔