ویب ڈیسک: کراچی میں نیشنل آئل ریفائنری کی پائپ لائن سے تیل چوری کی کوشش ناکام بنا دی گئی، جبکہ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے 4 ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔
اسپیشل انویسٹی گیشن یونٹ (ایس آئی یو) کے مطابق ملزمان نے ایک گودام کے اندر گہری کھدائی کر کے تیل چوری کا منصوبہ بنایا تھا۔ حکام کا کہنا ہے کہ ملزمان نے پارکو کی پائپ لائن تک پہنچنے کے لیے تقریباً 17 فٹ گہری اور 140 میٹر طویل سرنگ تعمیر کر رکھی تھی۔
پولیس کے مطابق کارروائی کے دوران چاروں افراد کو حراست میں لے لیا گیا جبکہ ان کے قبضے سے تیل چوری کے لیے استعمال ہونے والے کلپس، پائپس اور دیگر آلات بھی برآمد کر لیے گئے ہیں۔
پولیس حکام نے بتایا کہ اس سے قبل بھی کراچی میں پورٹ قاسم سے ملتان جانے والی پارکو پائپ لائن سے تیل چوری کی ایک کوشش ناکام بنائی جا چکی ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں اور نیٹ ورک میں شامل دیگر افراد کی گرفتاری کے لیے بھی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔