ویب ڈیسک: کراچی میں چینی کی نئی سرکاری قیمت مقرر کر دی گئی ہیں، جس کا باقاعدہ نوٹیفکیشن کمشنر کراچی کی جانب سے جاری کر دیا گیا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق کراچی میں چینی کی ہول سیل قیمت 140 روپے فی کلو جبکہ پرچون قیمت 143 روپے فی کلو مقرر کی گئی ہے۔ نئی قیمتوں کا اطلاق فوری طور پر نافذ العمل ہوگا۔
اعلامیے میں واضح کیا گیا ہے کہ سرکاری نرخوں سے زائد قیمت پر چینی فروخت کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
کمشنر کراچی نے تمام دکانداروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ چینی کی سرکاری ریٹ لسٹ اپنی دکانوں پر نمایاں جگہ پر آویزاں کریں۔ حکام کا کہنا ہے کہ مقررہ نرخوں کی خلاف ورزی پر جرمانے اور دیگر قانونی اقدامات کیے جائیں گے۔
انتظامیہ کے مطابق صارفین کو ریلیف فراہم کرنے اور منافع خوری کی روک تھام کے لیے چیکنگ کا عمل مزید سخت کیا جائے گا۔