ویب ڈیسک: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے واضح کیا ہے کہ صوبے میں اقلیتوں کے حقوق پر کسی صورت سمجھوتا نہیں کیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ جب تک وہ وزیراعلیٰ ہیں، اگر پنجاب میں کسی بھی اقلیتی فرد کے ساتھ زیادتی ہوئی تو وہ اس کے خلاف سیسہ پلائی دیوار کی طرح کھڑی ہوں گی۔
لاہور میں کرسمس کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ مریم نواز نے کہا کہ اگر صوبے میں کہیں اقلیتوں کے قبرستانوں سے متعلق مسائل درپیش ہیں تو انہیں فوری طور پر حل کیا جائے۔ انہوں نے اقلیتی امور کے رہنما رمیش سنگھ اروڑا کو ہدایت کی کہ اقلیتوں کے لیے درکار بجٹ کی تفصیلات فراہم کریں، حکومت تمام ضروری وسائل مہیا کرے گی۔
وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ ہم سب مسلمان، مسیحی، سکھ یا ہندو نہیں بلکہ سب سے پہلے پاکستانی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب اقلیتوں کے لیے ایک محفوظ اور بہتر صوبہ ہے اور کسی کو یہ اجازت نہیں دی جائے گی کہ وہ اقلیتوں کے حقوق پامال کرے۔
مریم نواز نے ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت چرچز کی صفائی کے اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ سلسلہ جاری رہے گا، تاکہ صوبے کو ہر شہری کے لیے محفوظ، صاف اور خوشگوار بنایا جا سکے۔ ان کا کہنا تھا کہ پنجاب میں تمام مذاہب کی عبادت گاہوں کی صفائی اور بہتری کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ پنجاب کے بجٹ میں اقلیتوں کا اتنا ہی حق ہے جتنا دیگر شہریوں کا ہے، اور جو حکومت اقلیتوں کے تحفظ میں ناکام ہو اسے اقتدار میں رہنے کا حق نہیں۔ انہوں نے بتایا کہ حکومت مینارٹی کارڈ کی رقم کو 75 ہزار روپے سے بڑھا کر ایک لاکھ روپے کرنے پر بھی غور کر رہی ہے تاکہ اقلیتوں کی فلاح و بہبود کو مزید بہتر بنایا جا سکے۔
مزید برآں وزیراعلیٰ مریم نواز نے کہا کہ پنجاب کو دنیا کے سامنے ایک مثال بنانا ہے اور یہ ثابت کرنا ہے کہ صوبے کے تمام شہری متحد اور محفوظ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب نے اقلیتوں کو اپنے تاج اور دل کا حصہ بنایا ہے۔