1LINK پرسنلائزیشن بیورو کو ماسٹرکارڈ کا اہم سرٹیفکیٹ مل گیا

1LINK پرسنلائزیشن بیورو کو ماسٹرکارڈ کا اہم سرٹیفکیٹ مل گیا

ویب ڈیسک:پاکستانی ادائیگیوں کی کمپنی 1LINK کے پرسنلائزیشن بیورو کو عالمی ادائیگی نیٹ ورک ماسٹرکارڈ کی جانب سے Personalization Certificate جاری کر دیا گیا ہے۔ یہ سرٹیفکیٹ اس بات کی تصدیق ہے کہ 1LINK کا پرسنلائزیشن سسٹم عالمی معیار کی سکیورٹی اور تکنیکی تقاضوں پر پورا اترتا ہے۔

کمپنی کے مطابق اس سرٹیفکیٹ کے حصول سے 1LINK کو ماسٹرکارڈ ڈیبٹ اور پری پیڈ کارڈز کی کارڈ پرسنلائزیشن (یعنی کارڈ پر صارف کی معلومات، چِپ اور سیکیورٹی فیچرز شامل کرنا) کی باقاعدہ اجازت مل گئی ہے۔

سرٹیفکیٹ کی اہمیت
ماسٹرکارڈ کا یہ سرٹیفکیٹ حاصل کرنا کسی بھی ادارے کے لیے ایک بڑا اعزاز سمجھا جاتا ہے، کیونکہ اس کے لیے سخت سکیورٹی آڈٹس، ڈیٹا پروٹیکشن کے معیارات اور بین الاقوامی قوانین پر مکمل عمل درآمد ضروری ہوتا ہے۔
اس کامیابی سے یہ ثابت ہوتا ہے کہ 1LINK صارفین کے حساس مالی ڈیٹا کو محفوظ رکھنے کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے۔

  بینکوں کیلئے بڑی سہولت
1LINK کا یہ مقامی طور پر تیار کردہ پرسنلائزیشن بیورو پہلے ہی پاکستان کے 10 سے زائد بڑے بینکوں کو خدمات فراہم کر رہا ہے، جن میں ملک کے سب سے بڑے کارڈ جاری کرنے والے بینک بھی شامل ہیں۔
ماسٹرکارڈ سرٹیفکیشن کے بعد اب یہ بیورو ان کارڈز کو بھی سپورٹ کرے گا جن میں پے پاک (PayPak) کارڈز، ماسٹرکارڈ کارڈز، پے پاک ماسٹرکارڈ کو-بیجڈ کارڈز، یو پی آئی (UPI) کارڈز اور پے پاک یو پی آئی کو-بیجڈ کارڈز شامل ہے۔ 

اس سہولت سے بینکوں کو زیادہ صارفین تک رسائی ملے گی، جبکہ انہیں بہتر اسکیل، آپریشنل مضبوطی اور بین الاقوامی معیار کی مکمل مطابقت بھی حاصل ہوگی۔

ماہرین کے مطابق، یہ سنگِ میل پاکستان کے مقامی ادائیگی نظام کی بڑھتی ہوئی مضبوطی اور پختگی کی عکاسی کرتا ہے۔ اس پیش رفت سے بینکاری اور ادائیگیوں کے شعبے میں اعتماد بڑھے گا۔

Watch Live Public News