حکومت کی صنعتی صارفین کیلئے نیا ٹیرف نظام متعارف کرانے کی تیاری

حکومت کی صنعتی صارفین کیلئے نیا ٹیرف نظام متعارف کرانے کی تیاری
کیپشن: حکومت کی صنعتی صارفین کیلئے نیا ٹیرف نظام متعارف کرانے کی تیاری

ویب ڈیسک: حکومت کی جانب سے صنعتی صارفین کے لیے نیا ٹیرف نظام متعارف کرانے کی تیاری شروع کر دی گئی ہے۔

وزارت توانائی (پاور ڈویژن) صنعتی صارفین کی سہولت اور بجلی کے مؤثر استعمال کو بہتر بنانے کے لیے اختیاری ملٹی ٹیرف ٹائم آف یوز نظام متعارف کرانے پر غور کر رہی ہے۔

ذرائع کے مطابق یہ اقدام وفاقی وزیر سردار اویس احمد خان لغاری کی خصوصی ہدایت پر زیرِ غور ہے، جس کے لیے متعدد اندرونی مشاورتی اور تکنیکی اجلاس بھی منعقد کیے جا چکے ہیں۔

مجوزہ فریم ورک کے تحت صنعتی صارفین کو ملٹی سلیب ٹیرف ڈھانچے میں شامل ہونے کا اختیار دیا جائے گا، جس میں بجلی کی قیمتوں کا تعین مختلف اوقات میں اوسط لاگت کی بنیاد پر کیا جائے گا تاکہ بجلی کی اصل قیمت کی بہتر عکاسی ہو سکے۔

اس نظام کے دو بنیادی حصے ہوں گے، جن میں فکسڈ چارجز شامل ہیں جو زیادہ سے زیادہ طلب کی بنیاد پر مقرر کیے جائیں گے، جبکہ ویری ایبل انرجی چارجز حقیقی توانائی لاگت کے مطابق متعین کیے جائیں گے۔

حکام کے مطابق اس نظام سے صنعتی شعبے کو کم لاگت والے اوقات میں بجلی کے استعمال کی ترغیب ملے گی، لوڈ مینجمنٹ بہتر ہوگا، گرڈ پر دباؤ کم ہوگا اور مہنگی بجلی پیدا کرنے کی ضرورت میں کمی آئے گی۔

مزید برآں، اس اقدام سے صنعتی پیداوار اور مسابقت میں بہتری کے ساتھ توانائی کے اخراجات میں استحکام اور ممکنہ کمی بھی متوقع ہے۔

وفاقی وزیر نے ہدایت کی ہے کہ اس مجوزہ نظام کو حتمی شکل دینے سے قبل تمام متعلقہ فریقین سے مشاورت کی جائے، جس میں صنعتی صارفین، چیمبرز آف کامرس اور تجارتی تنظیمیں شامل ہوں گی۔

اس سلسلے میں پہلا مشاورتی اجلاس 26 مارچ کو آن لائن منعقد کیا جائے گا۔

Watch Live Public News