ویب ڈیسک: پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق سیکورٹی فورسز نےضلع خیبر کے علاقے باغ میں آپریشن کیا ہےجس کے نتیجہ میں 4 خوراج ہلاک جبکہ 2زخمی ہوگئے ہیں۔ مارے گئے خوارج کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کر لیا گیا ہے۔
آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق سکیورٹی فورسز نے باغ کے علاقے میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر کارروائی کی۔ہلاک ہونے والوں میں خارجی سرغنہ عزیز الرحمن عرف قاری اسماعیل اور مخلص شامل ہیں۔ دہشتگردوں کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود برآمدکرلیا گیا ہے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ ہلاک خوارج سیکیورٹی فورسز اور معصوم شہریوں پر حملوں میں ملوث تھے۔علاقے میں مزید خوارج کی تلاش کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔
ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ پاکستان سے دہشتگردی کے خاتمے کے عزم پر سیکیورٹی فورسز کاربند ہیں۔ ملک بھر میں امن و امان کے قیام کے لیے سیکیورٹی فورسز کے اقدامات جاری ہیں۔
صدرمملکت کا سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین:
صدر مملکت آصف علی زرداری نےضلع خیبر میں کارروائی کے دوران 4 دہشت گردوں کو جہنم واصل کرنے پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔ صدر مملکت نے انٹیلیجنس پر مبنی کامیاب آپریشن کے دوران دہشت گردوں کے سرغنہ سمیت 4 خوارج جہنم واصل کرنے پر سکیورٹی فورسز کی بہادری کو سراہا۔
اپنے بیان میں صدر مملکت کا کہنا تھا کہ سیکورٹی فورسز دہشت گردی کے عفریت کے خاتمے کے لیے کارروائیاں کر رہی ہیں۔پوری قوم دہشت گردی کے خلاف متحد ہے۔دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک فتنتہ الخوارج کے خلاف کاروائیاں جاری رہیں گی۔
وزیراعظم کی مبارکباد:
وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے باغ ضلع خیبر میں خوارج کے خلاف کامیاب آپریشن پر سیکیورٹی فورسز کے افسران و جوانوں کی پزیرائی کی ہے۔ وزیرِ اعظم نے اہم خوارجی لیڈران سمیت 4 خوارجیوں کو جہنم واصل کرنے پر سیکورٹی فورسز کے افسران و اہلکاروں کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کی تعریف کی ہے.
اپنے بیان میں وزیراعظم کا کہنا تھا کہ دہشتگردی کی عفریت کے ملک سے مکمل خاتمے تک اس کے خلاف جنگ جاری رکھیں گے. مجھ سمیت پوری قوم دھشتگردی کے خلاف جنگ میں سیکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے. دھشتگردوں کے ملک میں انتشار و بد امنی پھیلانے کے ناپاک عزائم کو کبھی کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔
محسن نقوی کا سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین:
وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے ضلع خیبر کے علاقے باغ میں خوارجی دہشتگردوں کے خلاف کامیاب آپریشن پرسکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ہے
اپنے بیان میں انہوں نے کہا ہے کہ سکیورٹی فورسز نے ایک بار پھر بر وقت کارروائی کرکے خوارجی دہشتگردوں کے مذموم عزائم کو خاک میں ملایا۔ سکیورٹی فورسز نے 4خوارجی دہشتگردوں کو عبرتناک انجام تک پہنچایا۔ خوارجی دہشتگردوں کے ناپاک عزائم ناکام بنانے پر سکیورٹی فورسز کو شاباش دیتے ہیں۔
انہوں نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ سکیورٹی فورسز کے کامیاب آپریشن کو تحسین کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ خوارجی دہشتگردوں کی سرکوبی کے لئے قوم یکسو ہے اور سکیورٹی فورسز کے ساتھ کھڑی ہے۔ قوم کو سکیورٹی فورسز کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں اور جرات پر فخر ہے۔