(ویب ڈیسک )ذرائع کے مطابق چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کی آج وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کا امکان ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی ) محسن نقوی ورلڈکپ کے حوالے سے وزیراعظم سے مشاورت کریں گے۔ وزیر اعظم کی ہدایت پر ورلڈکپ میں پاکستانی ٹیم کی شرکت یا عدم شرکت کرے گی۔
قبل ازیں چئیرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی نے قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں سے ملاقات کی۔انہوں نے آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے حوالے سے پی سی بی کے موقف پر کھلاڑیوں کو اعتماد میں لیا۔
کھلاڑیوں نے چئیرمین پی سی بی محسن نقوی کے اصولی موقف کو سراہا اور مکمّل حمایت کی۔اس موقع پر محسن نقوی کا کہنا تھا کہ ورلڈکپ میں بھارت نہ کھیلنے کے حوالے سے بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کا موقف اصولوں پر مبنی ہے۔ پی سی بی آئی سی سی کے دوہرے معیار کو مسترد کرتا ہے۔ ہم نے کرکٹ کے سنہری اصولوں کو مدنظر رکھ کر بنگلہ دیش کی حمایت کی۔
انہوں نے کہا کہ پاکستانی حکومت جو فیصلہ کرے گی اسے من و عن عمل کریں گے۔ سیاست زدہ کرکٹ کسی کے مفاد میں نہیں۔ سب کو کرکٹ کے اصولوں پر چلنا چاہیے۔ ہمارے کھلاڑی با صلاحیت اور ہر لحاظ سے مقابلہ کرنا جانتے ہیں۔
اس موقع پر کھلاڑیوں نے کہاتھا کہ ہم سب پی سی بی کے اصولی موقف کے ساتھ ہیں۔