واٹس ایپ نے صارفین کیلئے نیا فیچر متعارف کرادیا

واٹس ایپ نے صارفین کیلئے نیا فیچر متعارف کرادیا

(ویب ڈیسک) واٹس ایپ نے بالآخر گروپ چیٹس سے متعلق ایک ایسا فیچر متعارف کرانے کی تیاری کرلی ہے جس کا صارفین کافی عرصے سے انتظار کر رہے تھے۔

واٹس ایپ دنیا بھر میں سب سے زیادہ استعمال ہونے والی میسجنگ ایپ ہے، جسے روزانہ اربوں لوگ رابطے کے لیے استعمال کرتے ہیں۔ اب اس پلیٹ فارم کے آئی او ایس بیٹا ورژن میں ایک نئے فیچر کی آزمائش شروع کردی گئی ہے جو خاص طور پر گروپ چیٹس کے لیے نہایت کارآمد ثابت ہوگا۔

اس نئے فیچر کی مدد سے گروپ چیٹس کو فالو کرنا کہیں زیادہ آسان ہو جائے گا، خاص طور پر ان صارفین کے لیے جو کسی گروپ میں نئے شامل ہوتے ہیں۔ فیچر کے تحت نئے ممبرز گروپ جوائن کرنے سے پہلے کے 14 دن تک کی چیٹ ہسٹری دیکھ سکیں گے، جس سے انہیں گفتگو کا پس منظر سمجھنے میں مدد ملے گی۔

یوں گروپ ایڈمن کو بار بار پرانے پیغامات الگ سے بھیجنے کی ضرورت نہیں رہے گی۔ اس سہولت کے ذریعے ایک وقت میں زیادہ سے زیادہ 100 میسجز کی ہسٹری شیئر کی جا سکے گی ، جو چیٹ میں الگ رنگ میں نظر آئیں گے تاکہ واضح رہے کہ یہ پرانے پیغامات ہیں۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ جب پرانی چیٹ ہسٹری نئے ممبرز کے ساتھ شیئر کی جائے گی تو گروپ کے دیگر ممبرز کو بھی نوٹیفکیشن کے ذریعے آگاہ کیا جائے گا، جس میں یہ بتایا جائے گا کہ کس ممبر نے یہ پیغامات شیئر کیے ہیں۔

Watch Live Public News