اسرائیلی اقدام مسترد، پاکستان کا عالمی برادری سے فوری کارروائی کا مطالبہ

اسرائیلی اقدام مسترد، پاکستان کا عالمی برادری سے فوری کارروائی کا مطالبہ
کیپشن: اسرائیلی اقدام مسترد، پاکستان کا عالمی برادری سے فوری کارروائی کا مطالبہ

ویب ڈیسک: پاکستان نے اسرائیلی پارلیمنٹ کی جانب سے مقبوضہ مغربی کنارے پر خودمختاری کے غیر قانونی دعوے کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے اسے بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی قرار دیا ہے۔

دفتر خارجہ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ یہ اقدام فلسطینیوں کے حقوق اور عالمی اصولوں کی مسلسل خلاف ورزی ہے اور اسرائیل کی جانب سے دانستہ اشتعال انگیزی کا واضح ثبوت ہے۔ یہ حرکت نہ صرف خطے کے امن کو نقصان پہنچاتی ہے بلکہ مسئلہ فلسطین کے منصفانہ اور دیرپا حل کی کوششوں کو بھی سبوتاژ کرتی ہے۔

بیان میں کہا گیا کہ اسرائیل کی جانب سے ایسے یکطرفہ اقدامات، قابض طاقت کے طور پر، اس کے غیر قانونی قبضے کو مستحکم کرنے کے مذموم عزائم کی عکاسی کرتے ہیں۔

پاکستان نے عالمی برادری سے اپیل کی ہے کہ وہ فوری اور مؤثر اقدام کرتے ہوئے اسرائیل کو اقوام متحدہ کی قراردادوں اور بین الاقوامی انسانی قوانین کی خلاف ورزیوں پر جوابدہ بنائے۔

پاکستان نے فلسطینی عوام کے حق خودارادیت کی بھرپور حمایت دہراتے ہوئے 1967 سے پہلے کی سرحدوں اور القدس الشریف کو دارالحکومت بنانے والی ایک آزاد اور خودمختار فلسطینی ریاست کے قیام کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔

Watch Live Public News