پنجاب میں مون سون بارشوں کے پانچویں اسپیل کا الرٹ جاری

پنجاب میں مون سون بارشوں کے پانچویں اسپیل کا الرٹ جاری

(ویب ڈیسک ) پی ڈی ایم اے کی جانب سے پنجاب میں مون سون بارشوں کے پانچویں اسپیل کا الرٹ جاری کردیا گیا۔

ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق  28سے 31 جولائی کے دوران پنجاب کے بیشتر اضلاع میں مون سون بارشوں کی پیشگوئی ہے ۔

ترجمان پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے  کہ  مری، گلیات، اٹک، چکوال، جہلم، منڈی بہاوالدین، گجرات، گجرانوالہ، حافظ آباد میں بارش کی پیشگوئی ہے۔  لاہور، شیخوپورہ، سیالکوٹ، نارووال، ساہیوال، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، خوشاب، سرگودھا، میانوالی، ننکانہ صاحب، چنیوٹ، فیصل آباد، اور اوکاڑہ میں بارش کی پیشگوئی ہے۔

  ترجمان پی ڈی ایم اے  کے مطابق  29 جولائی   سے31 جولائی تک  ڈیرہ غازی خان، بھکر، بہاولپور، خانیوال، پاکپتن، وہاڑی، لودھراں، مظفرگڑھ اور راجن پور میں بارشوں کی پیشگوئی ہے۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا  نے صوبہ بھر کے کمشنرز و ڈپٹی کمشنرز کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی ہے۔

پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ  لاہور ،راولپنڈی، گجرانوالہ اور فیصل آباد میں اربن فلڈنگ کا خدشہ ہے۔ پی ڈی ایم اے پنجاب  نے  سول ڈیفنس، ریسکیو و متعلقہ اداروں کو پیشگی انتظامات مکمل کرنے کی ہدایت کردی ۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ  وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایات کے پیش نظرمتعلقہ محکموں کو الرٹ جاری کر دیا ہے،ایمرجنسی کنٹرول رومز میں سٹاف کو الرٹ رکھا جائے۔ ریسکیو 1122 کی ڈیزاسٹر رسپانس ٹیموں کو بھی ہائی الرٹ رکھا جائے۔عوام جاری کردہ احتیاطی تدابیر پر عمل کریں۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق  شدید بارشوں کے باعث مری و گلیات میں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ ہے ۔بارشوں کے باعث کچے مکانات مخدوش عمارتوں کو نقصان کا خدشہ ہے ۔ مسافر اور سیاح موسمی صورتحال کے پیش نظر محتاط رہیں اور غیر ضروری سفر سے گریز کریں ۔ اربن و فلیش فلڈنگ کی صورت میں محفوظ مقامات پر رہیں گاڑی ہرگز بہتے ہوئے پانی سے کراس نہ کریں۔

ترجمان پی ڈی ایم کا  کہنا ہے کہ   ایمرجنسی کی صورت میں پی ڈی ایم اے کی ہیلپ لائن 1129 پر رابطہ کریں ۔

Watch Live Public News