امریکا، ایران کشیدگی: عالمی مارکیٹ میں خام تیل 110 ڈالر فی بیرل کے قریب پہنچ گیا

امریکا، ایران کشیدگی: عالمی مارکیٹ میں خام تیل 110 ڈالر فی بیرل کے قریب پہنچ گیا
کیپشن: امریکا، ایران کشیدگی: عالمی مارکیٹ میں خام تیل 110 ڈالر فی بیرل کے قریب پہنچ گیا

ویب ڈیسک: امریکا اور ایران کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی، یوکرین جنگ کے باعث سپلائی میں رکاوٹوں اور عالمی منڈی میں رسد سے متعلق خدشات کے سبب خام تیل کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جس کے بعد عالمی مارکیٹ میں خام تیل کے نرخ 110 ڈالر فی بیرل کے قریب پہنچ گئے ہیں۔

رپورٹس کے مطابق مشرقِ وسطیٰ، یورپ اور افریقا میں خام تیل کے فزیکل کارگوز کی قیمتیں رواں ہفتے بڑھ کر گزشتہ دو ماہ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہیں۔ بعض کارگوز کی قیمت تقریباً 110 ڈالر فی بیرل ریکارڈ کی گئی، جو عالمی منڈی میں بڑھتی ہوئی طلب اور محدود سپلائی کی عکاسی کرتی ہے۔

ماہرین کے مطابق ایران اور یوکرین سے متعلق جغرافیائی سیاسی کشیدگی نے عالمی سپلائی چین کو متاثر کیا ہے، جس کے باعث خریدار فوری فراہمی یقینی بنانے کے لیے متبادل ذرائع سے خام تیل خریدنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

عالمی معیار ڈیٹڈ برینٹ کی قیمت بھی جمعرات کو بڑھ کر 105.70 ڈالر فی بیرل تک پہنچ گئی، جو مئی کے آخر کے بعد بلند ترین سطح ہے۔ اسی طرح جون کے آغاز کے بعد پہلی مرتبہ خام تیل کی قیمت 100 ڈالر فی بیرل کی حد عبور کر گئی ہے۔

تیل کے معروف بروکر تاماس وارگا کے مطابق، عالمی منڈی میں سرمایہ کاروں اور خریداروں کی توجہ ایک مرتبہ پھر سپلائی کے خطرات پر مرکوز ہو گئی ہے، جس کے باعث قیمتوں پر مسلسل دباؤ برقرار ہے۔

Watch Live Public News