قومی باکسر عثمان وزیر کی ایک اور کامیابی، یوتھ ورلڈ چیمپئن ٹائٹل کا کامیاب دفاع کر لیا

قومی باکسر عثمان وزیر کی ایک اور کامیابی، یوتھ ورلڈ چیمپئن ٹائٹل کا کامیاب دفاع کر لیا
یوتھ ورلڈ چیمپئن قومی باکسر عثمان وزیر اپنے ورلڈ ٹائٹل کا دفاع کرنے میں کامیاب رہے ہیں ، ٹائٹل چیلنجر تنزانیہ کے باکسر فقیری سلیم کو پوائنٹس کی بنیاد پر شکست دیدی۔ گلگت میں منعقدہ قراقرم انٹرنیشنل باکسنگ چیمپئن شپ میں 8 راؤنڈز پر مشتمل ورلڈ ٹائٹل فائٹ میں تمام ججز نے اپنے متفقہ فیصلے کی بنیاد پر عثمان وزیر کو فاتح قرار دیا ہے ۔ مقابلے کے آغاز پر ہی تنزانیہ کے باکسر فقیری سلیم نے عثمان وزیر کو دباؤ میں رکھا، ابتدائی راؤنڈز میں عثمان وزیر دفاع میں مصروف رہے۔ پاکستانی باکسر عثمان وزیر 8 راؤنڈ کی اس فائٹ میں آخری دو راؤنڈ کے دوران عمدہ طریقے سے لڑے اور اپنے تابڑ توڑ مکوں سے حریف کو بے بس کردیا۔ باکسنگ کا مقابلہ دیکھنے کے لئے پاکستان کے 2 فاسٹ بولرز میر حمزہ اور شاہنواز دہانی بھی ایرینا میں موجود تھے، دونوں کرکٹرز نے مقابلہ شروع ہونے سے قبل باکسر عثمان وزیر کے ساتھ قومی ترانہ بھی پڑھا۔ مقابلے کو دیکھنے کے لئے گلگت کے لالک جان اسٹیڈیم میں تماشائیوں کی بہت بڑی تعداد بھی موجود تھی جنہوں نے ایرینا میں عثمان وزیر کی آمد پر اُن کا شاندار استقبال کیا۔ مقابلے کے اختتام پر تمام ججز نے متفقہ طور پر عثمان وزیر کے حق میں فیصلہ دیا تو ایرینا میں موجود تماشائیوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی، اس موقع پر فضاء پاکستان زندہ باد کے نعروں سے گونج اٹھی۔

Watch Live Public News

ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔