بھارتی شہری نے شادی کے لیے لڑکی نہ ملنے پر دلبرداشتہ ہوکر اپنی جان لے لی۔ بھارتی میڈیا رپورٹس کا کہنا ہے کہ یہ واقعہ بھارت کی ریاست کرناٹک میں پیش آیا ہے جہاں پر 36 سالہ کسان منجوناتھ نگانور نے اپنی دلہن کی تلاش میں ناکامی پر یہ انتہائی قدم اٹھایا ہے۔ پولیس نے بتایا کہ منجوناتھ شادی کا خواہش مند تھا اور گذشتہ آٹھ سالوں سے اپنے لیے لڑکی دیکھ رہا تھا تاہم ناکامی کے بعد وہ شدید مایوس ہوگیا اور بلآخر اس نے تھک کر زہر ہی پی لیا۔ پولیس کے مطابق منجوناتھ نے خودکشی سے قبل ایک نوٹ بھی لکھا تھا جو کہ اس کی لاش کے پاس سے برآمد ہوا ہے ، اپنی پریشانی کا اظہار اس نے اس نوٹ میں کیا تھا نوٹ میں آنجہانی کسان نے لکھا تھا کہ دلہن نہ ملنے سے اس کے والدین پریشان ہیں، ناامیدی اور مایوسی سے مغلوب ہو کر ہی میں نے اپنی زندگی ختم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ تاہم پولیس کی جانب سے ایف آئی آر درج کرکے مزید تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے۔